وی سی سجنار نے آر ٹی سی بس میں سفر کیا‘ مسافرین سے ملاقات

TOP_21-10

تلنگانہ آر ٹی سی کے مینجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار نے اپنے عہدہ کی ذمہ داری کے آخری دن آج آر ٹی سی بس میں سفر کیا اور مسافرین سے بات چیت کی۔ حکومت نے 23 آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے عمل میں لائے ہیں جس کے تحت وی سی سجنار کو حیدرآباد کا نیا پولیس کمشنر مقرر کیا گیا ہے ۔ کمشنر پولیس کی ذمہ داری سنبھالنے سے قبل سجنار نے آج آر ٹی بس میں سفر کیا اور مسافرین سے تجربات کے بارے میں بات چیت کی۔ انہوں نے سیکوریٹی کے بغیر لکڑی کا پل تا ٹیلیفون بھون تک 1131/M روٹ کی بس میں سفر کیا ۔ انہوں نے کنڈکٹر کو یو پی آئی کے ذریعہ ادائیگی کرتے ہوئے ٹکٹ حاصل کیا۔ انہوں نے بس میں موجود مسافرین سے بات چیت کی اور آر ٹی سی خدمات کے بارے میں رائے حاصل کی۔ مہا لکشمی اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں خاتون مسافرین سے بات چیت کی۔ وی سی سجنار کو آر ٹی سی بس میں دیکھ کر مسافرین حیرت میں پڑگئے۔ بس ڈرائیور اور کنڈکٹر کے علاوہ مسافرین نے سجنار کے ساتھ سیلفی لی۔ آر ٹی سی عہدیداروں اور ملازمین نے سجنار کو گرمجوشی کے ساتھ وداع کیا اور آر ٹی سی کے استحکام میں ان کے غیر معمولی رول کی ستائش کی۔