ووٹ چوری کے خلاف نومبر میں حیدرآباد میں کانگریس کی ریالی

ووٹ چوری کے خلاف کانگریس کی ملک گیر مہم کے حصہ کے طور پر نومبر میں حیدرآباد میں بڑی ریالی منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کی مانگ کرتے ہوئے ملک گیر سطح پر احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔ ہائی کمان کی ہدایت پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نومبر میں حیدرآباد میں ریالی کے انعقاد کا فیصلہ کیا اور اس سلسلہ میں تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریالی اور جلسہ عام میں دو لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ اے آئی سی سی قائدین راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی اور انڈیا اتحاد کی دیگر پارٹیوں کے قائدین کو مدعو کیا جارہا ہے ۔ نئی دہلی میں گزشتہ دنوں انڈیا اتحاد کے احتجاج کی طرز پر حیدرآباد کی ریالی منظم کی جائے گی۔ نیکلس روڈ پر اندرا گاندھی مجسمہ سے ریالی کا آغاز ہوگا جو پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر جلسہ عام میں تبدل ہوجائے گی۔ چیف منسٹر نے ریالی کی تیاریوں کے سلسلہ میں ریاستی وزراء اور صدر پردیش کانگریس سے مشاورت کی ہے۔ توقع ہے کہ جلد ہی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی سے وقت حاصل کرنے کے بعد بھی تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ہدایت دی ہے کہ دہلی کی طرز پر حیدرآباد میں ریالی کا اہتمام کریں۔ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں بڑے پیمانہ پر احتجاج کا فیصلہ کیا گیا۔
