آر ٹی سی کی ہڑتال، بی آر ایس کی مکمل حمایت کا اعلان: ہریش راؤ

بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر و سابق وزیر ٹی ہریش راؤ ن ے آر ٹی سی ملازمین کے ہڑتال کی بھرپور تائید و حمایت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بی آر ایس پارٹی ملازمین کے جائز مطالبات کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں کابینہ کے اجلاس میں ایک انتہائی اہم فیصلہ کرتے ہوئے آر ٹی سی ورکرس کو سرکاری ملازم تسلیم کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا تھا جس کے لئے جی او اور گزٹ بھی جاری کردیا گیا تھا۔ مگر افسوس کی بات ہے کہ موجودہ کانگریس حکومت نے ان اقدامات کو آگے بڑھانے میں ناکام رہی ہے۔ ہریش راؤ نے ہڑتال کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے کہا کہ آر ٹی سی کے کارکن وہی مانگ رہے ہیں جس کا وعدہ کانگریس نے اسمبلی انتخابات سے قبل اپنے انتخابی منشور میں کیا تھا۔ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے کانگریس نے آر ٹی سی ملازمین سے بڑے بڑے وعدے کئے کانگریس حکومت کی نصف میعاد مکمل ہوچکی ہے۔ ان وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے ہڑتال کے پیچھے سازش ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے آر ٹی سی ورکرس کی توہین کررہے ہیں جس کی بی آر ایس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آر ٹی سی کے 2000 کروڑ روپے کے بقایاجات جاری نہیں کئے اس کے علاوہ مہالکشمی اسکیم کے تحت حکومت آر ٹی سی کو 3000 کروڑ روپے ادا کرنا ہے، وہ بھی جاری نہیں کئے جارہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے فنڈس اور بقایاجات کی عدم اجرائی سے ملازمین کو DA اور ریٹائرمنٹ کے فوائد سے محروم ہو رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ہڑتالی کارکنوں سے مذاکرات کریں اور مہالکشمی اسکیم کے بقایاجات جاری کریں ساتھ ہی ملازمین کے تمام جائز مطالبات کو پورا کریں۔
