بہار اور اڈیشہ کے 6 شہر ملک کے گرم ترین علاقے

c1-3

موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی ملک کے کئی شہروں میں درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ کئی ریاستوں میں گرمی کی لہر میں مزید اضافہ کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ جاریہ ماہ ملک کے مشرقی اور مرکزی علاقوں سے تعلق رکھنے والے کئی شہروں کا گرم ترین شہروں کے طور پر انتخاب کیا گیا۔ بہار اور اڈیشہ کے بیشتر علاقے گرمی کی شدت میں سرفہرست رہے۔ ملک کے کئی شہروں میں درجہ حرارت 42 ڈگری سے تجاوز کرچکا ہے۔ محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ کی پیش قیاسی کی ہے۔ اپریل کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت کی بنیاد پر 10 گرم ترین شہروں کا انتخاب کیا گیا۔ اڈیشہ اور بہار میں 6 شہر ٹاپ 10 فہرست میں شامل ہیں۔ ان شہروں میں درجہ حرارت 43 ڈگری درج کیا گیا۔ ملک کے گرم ترین شہروں میں بالانگیر ، اڈیشہ ، بھاگلپور، بہار، تلچیر (اڈیشہ) ، مونگیر (بہار) ، بھوجپور (بہار) اور بیگو سرائے (بہار) شامل ہیں۔ مغربی بنگال کا راج محل اور چھتیس گڑھ کا مہا سمند میں 42 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ بہار کا سرسا رام اور اڈیشہ کا رور کیلا شہر بھی 42 ڈگری کے ساتھ ملک کے گرم ترین شہروں میں شمار کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں وقفہ وقفہ سے بارش کے نتیجہ میں گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔