کے سی آر کے بغیر تلنگانہ کا تصور ادھورا: ہریش راؤ

بی آر ایس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ہریش راؤ نے کہا کہ کے سی آر کے بغیر تلنگانہ کا تصور پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی جدوجہد کے نتیجہ میں علیحدہ ریاست تشکیل پائی ہے۔ سدی پیٹ ضلع کے کنڈا پاک منڈل میں مختلف پروگراموں میں ہریش راؤ نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے قیام کو 25 سال مکمل ہونے کو ہیں اور پارٹی نے ہمیشہ تمام طبقات کی بھلائی کی فکر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کا کے سی آر کے بغیر تصور نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے جدوجہد کے نتیجہ میں مرکزی حکومت کو ریاست کی تشکیل کا اعلان کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے علیحدہ ریاست کے لئے 4 کروڑ عوام کو متحدہ کیا۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں فلاحی اقدامات کو عوام آج بھی یاد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے انتخابی وعدوں کو فراموش کردیا اور عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 33 اضلاع کے قیام کے ذریعہ نظم و نسق کی کارکردگی کو بہتر بنایا گیا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس کے یوم تاسیس کو ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے تلنگانہ عوام کے جذبات کو فراموش کردیا ہے اور ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کو صرف منفی سیاست پر عمل کیا جارہا ہے۔
