کے سی آر تلنگانہ کی ضمانت، کانگریس حکومت ناکام: کے ٹی آر

بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے سابق چیف منسٹر کے سی آر کو تلنگانہ کی ضمانت قرار دیا۔ قومی جماعتوں کانگریس اور بی جے پی پر بھروسہ نہ کرنے کی عوام سے اپیل کی۔ آج تلنگانہ بھون میں مختلف جماعتوں کے قائدین نے بی ار ایس میں شمولیت اختیار کی۔ ان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کی ہائی کمان تلنگانہ کی عوام ہے جبکہ تلنگانہ کانگریس قائدین کی ہائی کمان دہلی اور تلنگانہ بی جے پی کی ہائی کمان گجرات ہے۔ ان دونوں قومی جماعتوں کو تلنگانہ کے مفادات سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ دونوں جماعتوں کے تلنگانہ کے قائدین کٹھ پتلی کی طرح اشاروں پر کام کررہے ہیں جبکہ تلنگانہ کی حقیقی جماعت بی آر ایس ہے۔ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی خاطر کے سی آر نے اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں کی۔ کانگریس پارٹی نے چھ ضمانتوں اور 420 وعدے کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا۔ اقتدار کی نصف مدت مکمل ہو جانے کے باوجود عوام سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی کے دور حکومت میں کسان، خواتین، نوجوان، طلبہ اور سماج کے تمام طبقات پریشان ہیں۔ یہاں تک کہ سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ ملازمین میں بھی حکومت کے خلاف شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔ کے ٹی آر نے طلبہ کی فیس ریمبرسمنٹ جاری نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریونت ریڈی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس نے دسویں جماعت کامیاب کرنے پر 10 ہزار، انٹرمیڈیٹ پاس کرنے پر 12 ہزار، ڈگری، گریجویشن مکمل کرنے پر ایک لاکھ پوسٹ گریجویشن کی تکمیل پر 5 لاکھ روپے کا وعدہ کیا تھا لیکن کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔
