دھان کی خریدی میں حکومت کی ناکامی پر ہریش راؤ کا دھرنا

page2-6

بی آر ایس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ حکومت کسانوں سے دھان کی خریدی کے معاملہ میں وعدے کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھان کی خریدی میں ناکام حکومت کو کسانوں کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑے گا اور آئندہ انتخابات میں کسان ریونت ریڈی حکومت کو سبق سکھائیں گے۔ ہریش راؤ نے آج سدی پیٹ ضلع کے کسانوں سے ملاقات کی اور دھان کی خریدی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کسانوں کے مسائل کو نظرانداز کرنے پر حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ راجیو راہداری پر کسان اپنی دھان کے ساتھ خریدی کے منظر ہیں۔ انہوں نے کسانوں کے ساتھ دھرنا منظم کیا اور حکومت سے فوری خریدی کا مطالبہ کیا گیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ قواعد کے نام پر حکومت کسانوں کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے۔ دھان کی خریدی کے بجائے نئی شرائط عائد کرتے ہوئے رکاوٹیں کھڑی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ خریدی مراکز کی تعداد بھی ناکافی ہے اور کسانوں کے لئے تھیلوں کا انتظار نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 28 دن قبل خریدی مراکز قائم کئے گئے تھے لیکن ابھی تک باقاعدہ خریدی شروع نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکئی کے کسان تھیلوں کی عدم دستیابی کے نتیجہ میں مسائل کا شکار ہیں۔ ہریش راؤ نے حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر خریدی کا آغازنہیں کیا گیا تو بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کسانوں کی اسکیمات کو محض دکھاوا قرار دیا اور کہا کہ رعیتو بھروسہ اور دھان پر بونس کی ادائیگی برائے نام کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت سماج کے تمام طبقات کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ آئندہ انتخابات میں کانگریس کو خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ انہوں نے کسانوں کو بھروسہ دلایا کہ بی آر ایس حکومت کی تشکیل کے بعد انصاف کیا جائے گا۔