ملازمین اور پنشنرس کی ہیلت اسکیم پر حکومت کا آج اہم فیصلہ

revent-reddy (1)

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سرکاری ملازمین کی ہیلت اسکیم کو قطعیت دینے کے لئے کل یکم جون کو عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کیا ہے۔ حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرس کے لئے جامع ہیلت اسکیم متعارف کرنے کا وعدہ کیا اور عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں اسکیم کے قد و خال طے کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ ایمپلائز ہیلت کیئر ٹرسٹ کے ذریعہ اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔ ٹرسٹ میں ملازمین کی تنظیموں کے 6 اور پنشنرس کے 2 نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ایک سرکاری عہدیدار چیف ایگزیکٹیو آفیسر رہیں گے۔ ٹرسٹ کی تشکیل کا اعلان پیر کو کیا جاسکتا ہے۔ اسکیم پر عمل آوری کے لئے ملازمین اور پنشنرس کی تفصیلات اکٹھا کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ ملازمین، پنشنرس اور ان کے افراد خاندان کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں اور محکمہ فینانس نے تمام محکمہ جات کو سرکیولر جاری کرتے ہوئے تفصیلات طلب کی ہیں۔ ہیلت اسکیم کے دائرہ میں ملازمین اور پنشنرس کے افراد خاندان کو بھی شامل کیا جائے گا۔ حکومت ڈیجیٹل ہیلت کارڈ جاری کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے جس کے تحت سرکاری اور کارپوریٹ ہاسپٹلس میں طبی خدمات مفت حاصل رہیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کارپوریٹ ہاسپٹلس سے مشاورت کررہی ہے تاکہ اسکیم پر موثر انداز میں عمل کیا جاسکے۔