کانگریس حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن : ایم اے فہیم

TOP_12-3

تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر و صدرنشین فوڈ کارپوریشن ایم اے فہیم نے بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ہریش راؤ کی جانب سے کانگریس حکومت اور چیف منسٹر ریونت ریڈی پر کی گئی تنقیدوں کو مسترد کردیا اور دعویٰ کیا کہ بی آر ایس پارٹی، حکومت کی کارکردگی اور عوام کے اطمینان سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ عوام کو گمراہ کرنے کے لئے بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم اے فہیم نے کہاکہ بی آر ایس کو پہلے اپنے 10 سالہ دور حکومت کا حساب عوام کو دینا چاہئے۔ انھوں نے کہاکہ ہریش راؤ آئندہ اسمبلی انتخابات میں متحدہ ضلع محبوب نگر میں 14 حلقوں پر کامیابی کا دعویٰ کررہے ہیں لیکن اُنھیں پہلے متحدہ ضلع میدک کی فکر کرنی چاہئے جہاں لوک سبھا کے انتخابات میں بی آر ایس نے ایک نشست پر بھی کامیابی حاصل نہیں کی۔ ایم اے فہیم نے کہاکہ ہریش راؤ بغیر سوچے سمجھے بیانات دے رہے ہیں اور چیف منسٹر ریونت ریڈی پر ذاتی حملے کررہے ہیں جو ناقابل قبول ہے۔ انھوں نے کہاکہ مشن کاکتیہ کو عوام کمیشن کاکتیہ کے نام سے یاد کرتے ہیں جبکہ کالیشورم پراجکٹ میں ہزاروں کروڑ روپئے کی بدعنوانی ہوئی ہے۔ صدرنشین فوڈ کارپوریشن نے کہاکہ بی آر ایس قیادت نے 10 سال تک ریاست کو لوٹا ہے اور عوام اس حقیقت کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ایم اے فہیم نے ہریش راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ کھلے عام مباحث یا اسمبلی کا خصوصی اجلاس چاہتے ہیں تو قائد اپوزیشن کے سی آر کے ذریعہ باضابطہ حکومت کو مکتوب روانہ کریں جس پر کانگریس پارٹی اور حکومت مثبت ردعمل کا اظہار کرے گی۔