امتحان کی منسوخی مودی حکومت کی ناکامی : مہیش کمار گوڑ

TOP_16-2

صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے نیٹ امتحان پیپر لیک کے علاوہ دیگر تعلیمی بے ضابطگیوں پر مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے فوری اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہوجانے کا مطالبہ کیا۔ نیٹ پیپر لیک، ایل پی جی، پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، CBSE کی ناکامی، روپے کی قدر میں گراوٹ اور تمام شعبوں میں مرکزی حکومت کی ناکامی کے خلاف آج بشیر باغ چوراہا سے مجسمہ امبیڈکر ٹینک بینڈ تک کانگریس پارٹی نے احتجاجی ریالی منظم کی جس میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ، ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، اے آئی سی سی سکریٹری سچن ساونت، خیریت آباد ضلع کانگریس صدر ایم روہت، فیروز خان کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر مہیش کمار گوڑ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی قیادت والی مرکزی حکومت ملک بھر میں لاکھوں طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے۔ پیپر لیک کے سنگین الزامات کے بعد نیٹ یو جی 2026 کا امتحان منسوخ کردیا گیا۔ مرکزی حکومت امتحانات کا شفاف انعقاد کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ اس ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان فوری مستعفی ہوجائیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ مرکزی حکومت کی عدم توجہ، لاپرواہی اور بدانتظامی کی وجہ سے لاکھوں طلبہ کی محنت رائیگاں گئی ہے۔ انھوں نے طنز کرتے ہوئے کہاکہ ایک طرف داخلی محاذ پر امتحانات محفوظ نہیں ہیں تو دوسری طرف ملکی سرحدیں بھی غیر محفوظ ہیں۔ چینی فوجیں ملک کے حدود میں گھس آئی ہیں اور مرکزی حکومت ان کے سامنے بالکل بے بس اور لاچار نظر آرہی ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے مرکز کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کا عوام دشمن چہرہ ایک بار پھر عوام کے سامنے آگیا ہے۔ جیسے ہی پانچ ریاستوں کے انتخابات مکمل ہوئے مرکزی حکومت نے ایل پی جی سیلنڈر، پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کردیا ہے جس کا سارا مالی بوجھ اب غریب و متوسط طبقہ کے لوگوں کو اُٹھانا پڑرہا ہے۔