کانگریس حکومت ایک لاکھ کروڑ مالیت کی اراضی پر گدھ کی طرح منڈلا رہی ہے

تلنگانہ رکشنا سینا کی سربراہ کے کویتا نے کانگریس حکومت اور چیف منسٹر ریونت ریڈی پر ایک لاکھ کروڑ روپئے مالیت کی قیمتی اراضیات غیر قانونی طور پر اپنے حامیوں اور بااثر شخصیات کو سونپ دینے کا الزام عائد کیا۔ اُنھوں نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ سرکاری اراضیات کے تحفظ کے لئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے سے بھی گریز نہیں کریں گی۔ حیدرآباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کویتا نے الزام عائد کیاکہ چیف منسٹر کے ارکان خاندان، حکومت کے اعلیٰ عہدیدار، کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی بڑے پیمانے پر قیمتی اراضیات پر قبضے کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ اُنھوں نے حیڈرا کی کارروائیوں پر سوالات اُٹھاتے ہوئے کہاکہ یہ فورس صرف غریبوں کی کالونیوں پر بلڈوزر چلارہی ہے۔ ان کے مکانات کو منہدم کررہی ہے۔ ان اراضی کو خالی کراکے حکومت کے پسندیدہ دولتمندوں اور بااثر شخصیات کے حوالہ کیا جاسکے۔ اُنھوں نے آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر اور جنا سینا کے سربراہ پون کلیان کا نام لئے بغیر تنقید کی۔ کویتا نے واضح الفاظ میں کہاکہ تلنگانہ یہاں کے عوام کی سرزمین ہے اور یہ سرزمین کسی بھی صورت میں پون کلیان کی جاگیر نہیں ہے۔ انھوں نے کہاکہ تلنگانہ رکشنا سینا ریاست کے وسائل اور غریبوں کے حقوق کی لڑائی سڑکوں سے لے کر سپریم کورٹ تک لڑے گی۔اپنی پارٹی کے قیام کے بعد سے کے کویتا سیاست میں سرگرم ہوگئی ہیں ۔
