ریاست میں دھان کی خریداری منظم طریقہ سے انجام دینے کی ہدایت

ریاست میں دھان کی خریداری اور فلاحی اسکیموں کے نفاذ کو موثر اور منظم طریقے سے انجام دینے کی ہدایت ریاستی حکومت کے چیف سیکریٹری رام کرشنا راؤ نے دی۔ ایڈیشنل ڈی جی پی مہیش بھگوت، محکمہ شہری رسدات کے کمشنر اسٹیفن رویندر اور دیگر اعلیٰ افسران کے ساتھ تمام اضلاع کے کلکٹروں، پولیس کمشنروں اور متعلقہ افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے نیٹ-2026 امتحان کے انتظامات، دھان کی خریداری، اور 9 جون کو سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ وزیر اعلیٰ کے جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکریٹری نے بتایا کہ 21 جون کو منعقد ہونے والے نیٹ-2026 امتحان کیلئے ریاست بھر کے 24 شہروں میں 208 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں 72,956 طلبہ شرکت کریں گے۔ امتحان کے پرامن اور شفاف انعقاد کیلئے سخت حفاظتی انتظامات، ریاستی و ضلعی سطح کی رابطہ کمیٹیوں کی مؤثر کارکردگی اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز صرف سرکاری اداروں میں قائم کیے جائیں، تمام مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں اور بین الاقوامی یومِ یوگا کے پیش نظر امتحانات کے انعقاد میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔ سوالیہ پرچوں کی منتقلی، امیدواروں کی رجسٹریشن، بائیومیٹرک تصدیق، جانچ اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر طریقے سے انجام دینے کی ہدایت دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں اب تک 71 لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدا جا چکا ہے اور 4,488 خریداری مراکز بند کیے جا چکے ہیں۔ 10 لاکھ 58 ہزار کسانوں کے کھاتوں میں کم از کم امدادی قیمت (MSP) کے تحت 13,577 کروڑ روپے جمع کیے جا چکے ہیں۔ باقی ماندہ دھان کی جلد خریداری مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ ریاست کی ہر منڈل خواتین فیڈریشن کو ایک ایک بس کے حساب سے مجموعی طور پر 553 بسیں منظور کی گئی ہیں، جنہیں 9 جون کو سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ میں وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں خواتین فیڈریشن کے اراکین کے حوالے کیا جائے گا۔ اس تقریب کیلئے خواتین کی منتقلی کے انتظامات ضلع دیہی ترقیاتی افسران اور آر ٹی سی حکام کے اشتراک سے مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 12 جون کو اسکولوں کے دوبارہ آغاز کے موقع پر طلبہ کو یونیفارم اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ضلع کلکٹریٹ ناگر کرنول سے ویڈیو کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے ضلع کلکٹر ہیمنت کیشو پٹیل نے کہا کہ ضلع میں دھان کی خریداری کے عمل کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بارشوں کے پیش نظر خریداری مراکز پر ترپالوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ نقل و حمل کے انتظامات مکمل ہیں اور گیلے دھان کو فوری طور پر بوائلڈ رائس ملوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔12 جون سے اسکولوں کے دوبارہ آغاز کے لیے درسی کتب اور یکساں یونیفارم کی دستیابی کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
