تلنگانہ کے آبی مفادات پر ریونت ریڈی حکومت کی آندھرا پردیش سے سودے بازی: ہریش راؤ

TOP_10-4

بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر وسابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت آبی حقوق کے معاملہ میں آندھرا پردیش سے مفاہمت کرچکی ہے۔ گوداوری اور کاویری دریاؤں کو ایک دوسرے مربوط کرنے کی تائید کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے حکومت نے تلنگانہ کے آبی حقوق کو نظرانداز کردیا ہے۔ قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر مدھوسدن چاری کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ گوداوری ۔ نلاملا ساگر پراجکٹ کو پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم سے مربوط کرنے کی صورت میں تلنگانہ کے آبی مفادات اور حقوق متاثر ہوں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی حکومت نے آندھرا پردیش کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے پراجکٹس کی تائید کی ہے۔ بی آر ایس کے احتجاج کے نتیجہ میں آندھرا پردیش حکومت نے بنکاچرلا اور نلاملا ساگر پراجکٹس کی تعمیر کو روک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری اور کاویری کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کی آندھرا پردیش حکومت کی تجویز ناقابل قبول ہے۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ نیشنل واٹر ڈیولپمنٹ ایجنسی کے اجلاس میں اس تجویز کا جائزہ لیا گیا جس میں کرناٹک اور آندھرا پردیش کے علاوہ سنٹرل واٹر کمیشن نے کاویری سے پانی کے حصول کی منظوری دی تھی۔ سابق بی آر ایس حکومت نے گوداوری میں تلنگانہ کے 968 ٹی ایم سی پانی کا تحفظ کیا تھا۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد سے آندھرا پردیش نے گوداوری پر پراجکٹس کی تعمیر کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کے دباؤ کے تحت ریونت ریڈی تلنگانہ کے آبی حقوق پر سودے بازی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت بھی گوداوری کے پانی میں آندھرا پردیش کی جانب سے ناانصافی پر خاموش ہے۔ انہوں نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزراء جی کشن ریڈی اور بنڈی سنجے پر تلنگانہ کے آبی حقوق کے تحفظ میں ناکای کا الزام عائد کیا۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ کرشنا کے پانی میں تلنگانہ محض 25 فیصد کا استعمال کررہا ہے جبکہ آندھرا پردیش 75 فیصد پانی استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے کانگریس حکومت سے پولاورم کاویری لنک پراجکٹ کی مخالفت کرنے اور اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں قرارداد کی منظوری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کل جماعتی وفد نئی دہلی روانہ کیا جائے تو بی آر ایس وفد میں شامل ہوگی۔ بی آر ایس کی کوشش یہی ہے کہ آبی مفادات کے تحفظ کے لئے کانگریس حکومت کو نیند سے بیدار کیا جائے۔