خواتین کو کروڑ پتی بنانے ریونت ریڈی کا دعویٰ گمراہ کن : ہریش راؤ

بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر و سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر الزام لگایا کہ ریونت ریڈی خواتین کو کروڑ پتی بنانے کے کھوکھلے دعوے کر کے عوام کو گمراہ کررہے ہیں اور تمام ملازمین کو مہینے کی پہلی تاریخ کو تنخواہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جب کہ حقیقت یہ ہے کہ ریاست کی 62 ہزار آنگن واڑی ورکرس اور ہیلپرس کی مشکلات چیف منسٹر کو نظر نہیں آرہی ہے ۔ جو گزشتہ 2 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث شدید مالی بحران کا شکار ہیں ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مہینوں تک تنخواہیں روک کر آنگن واڑی ملازمین کو ہراساں کرنے والی کانگریس حکومت کو جلد ہی خواتین کے شدید غضب کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ خواتین ریاستی وزیر ویمن ویلفیر خود ایک خاتون ہونے کے باوجود ان خواتین کی فریاد سننے اور سمجھنے سے قاصر ہیں ۔ ہریش راؤ نے یاد دلایا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں آنگن واڑی ملازمین کے احترام کو برقرار رکھا گیا تھا ۔ کے سی آر حکومت نے آنگن واڑی اساتذہ اور ہیلپرس کی تنخواہ 7800 روپئے سے بڑھاکر 13,650 روپئے کردیا تھا ۔ جو اس وقت پورے ملک میں کسی بھی ریاست کے مقابلے میں سب سے زیادہ تھی ۔ کانگریس کے انتخابی منشور کا حوالہ دیتے ہوئے بی آر ایس قائد نے کہا کہ ابھئے ہستم کے تحت آنگن واڑی ٹیچرس کی تنخواہ بڑھا کر 18000 روپئے کرنے اور انہیں ای پی ایف کے دائرے میں لانے کے ساتھ ملازمت کا تحفظ فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔
