تلنگانہ کانگریس نے ہی میناکشی نٹراجن کی پیٹھ میں خنجر گھونپا :ہریش راؤ

بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر وسابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے کانگریس حکومت اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کئی سنسنی خیز الزامات عائد کئے ہیں ۔ انہوں نے کانگریس کے اندرونی خلفشار کو بے نقاب کرتے ہوئے دعوی کیا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن کی راجیہ سبھا نامزدگی کی درخواست مسترد ہونے کے پیچھے خود کانگریس کے ہی ایک اعلی قائد کا ہاتھ ہے ۔ جنہوں نے ان کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے ۔ ہریش راؤ نے آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مدھیہ پردیش کے ایک بی جے پی وزیر نے خود بتایا کہ انہیں تلنگانہ کانگریس کی طرف سے یہ اطلاع ملی تھی کہ میناکشی نٹراجن کے خلاف ایک کیس درج ہے ۔ ہریش راؤ نے کانگریس ہائی کمان سے استفسار کیا کہ بی جے پی کے وزیر کو یہ حساس معلومات کس نے فراہم کیں ؟ کیا چیف منسٹر ریونت ریڈی اس بات کی تحقیقات کیلئے (SIT) تشکیل دیں گے یا جوڈیشنل انکوائری کرائینگے کہ میناکشی نٹراجن کا کیس کس نے لیک کیا ہے ؟ بی آر ایس کے ڈپٹی فلور نے الزام لگایا کہ چیف منسٹر کی طرف سے نامزد کردہ ایک شخص کو تلنگانہ کانگریس پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کا عہدہ نہ ملنے کی وجہ سے ریونت ریڈی کے ہی پیروکاروں نے مدھیہ پردیش کے وزیر کو یہ معلومات خفیہ طور پر فراہم کیں ۔ ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ریونت ریڈی اقتدار کے معاملے میں نااہل ثابت ہورہے ہیں ، تمام محاذوں میں ناکام ہیں جن کیلئے ایک سے زیادہ کیمپ آفس قائم کرتے ہوئے عوامی پیسے بے دردی سے ضائع کیا جارہا ہے ۔ طلبہ کی فیس ریمبرسمنٹ کیلئے خزانہ خالی ہونے کا دعوی کیا جارہا ہے ۔ دوسری طرف چیف منسٹر اپنے شاہانہ اخراجات پر کروڑوں روپئے لُٹا رہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر نے اپنی رہائش گاہ کے قریب بودھی پویلین نامی بنگلے کی تعمیر پر 100 کروڑ روپئے خرچ کررہے ہیں ۔ اس جگہ صرف لوہے کی حصار بندی کیلئے 17 کروڑ اور سیکوریٹی کے نام پر 10 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے فٹبال کھیلنے کیلئے الگ سے 10 کروڑ روپئے کا فنڈ رکھا گیا ہے ۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل میں بھی چیف منسٹر کیلئے ایک نیا چیمبر بنایا جارہا ہے جس پر کروڑہا روپئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ تلنگانہ کے عوام کانگریس حکومت کی اس شاہ خرچی اور نااہلی کو دیکھ رہے ہیں اور وقت آنے پر اس کا حساب چکتا کریں گے ۔
