شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی اسکیمات میں بڑا گھوٹالہ بے نقاب

راجندر نگر ٹاسک فورس پولیس نے بنڈلہ گوڑہ جاگیر تحصیلدار کے دفتر میں جاری ایک بڑے مالیاتی گھوٹالے کو ناکام بناتے ہوئے ایک ریونیو آفیسر اور 6 ایجنٹس کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ملزمین غریب لڑکیوں کی شادی کے لیے حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی منفرد اسکیم شادی مبارک ، کلیانہ لکشمی کے فنڈز کو فرضی دستاویزات کے ذریعہ غبن کرنے کی کوشش کررہے تھے ۔ پولیس کے مطابق گرفتار ایجنٹس نے چند افراد کے ناموں پر فرضی آدھار کارڈ ، جعلی شادی کے سرٹیفیکٹ ( شادی کارڈ ) اور شادی کی فرضی تصاویر تیار کر کے جعلی دستاویزات کو ریونیو آفس کے آفیشل پورٹل پر اپ لوڈ کیا گیا اور یہ دعویٰ کیا گیا کہ یہ تمام افراد ان سرکاری اسکیمات کے لیے حقیقی حقدار ہیں ۔ اس پورے گھوٹالے میں بنڈلہ گوڑہ جاگیر تحصیلدار کے دفتر میں تعینات ریونیو انسپکٹر نے ایجنٹوں کی بھر پور مدد کی ۔ انسپکٹر نے بنا کسی تصدیق کے پورٹل پر اپ لوڈ کی گئی تمام 18 فرضی درخواستوں کو فوری طور پر منظور کردیا ۔ ان فرضی فائدہ اٹھانے والوں کے بینک کھاتوں میں آئندہ چار سے پانچ دن کے اندر رقم منتقل ہونے والی تھی کہ پولیس نے کارروائی کردی ۔ راجندر نگر ٹاسک فورس پولیس کو اس دھوکہ دہی کے بارے میں خفیہ اطلاع موصول ہوئی ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس عہدیداروں نے بنڈلہ گوڑہ جاگیر تحصیلدار کے دفتر میں اچانک چھاپا مارا اور موقع واردات سے ایک اے ایس آئی کی موجودگی میں 6 ایجنٹ سمیت ریونیو آفیسر کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ملزمین کے قبضے سے 18 جعلی سرٹیفیکٹس اور دیگر اہم دستاویزات ضبط کرلیا ۔ گرفتار کئے گئے تمام 7 افراد کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے عطا پور پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا ۔ پولیس اس بات کی بھی جانچ کررہی ہے کہ آیا ماضی میں بھی اس ٹولی نے اس طرح فرضی کلیمس کے ذریعہ سرکاری رقم کا غبن کیا ہے یا نہیں ۔
