ملک میں انفرادی طورپر دودھ کے استعمال میں پنجاب اور راجستھان سرفہرست

TOP_15-4

ملک میں دودھ کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے اور ریاستوں میں مقامی غذا اور غذائی عادتوں کے اعتبار سے دودھ کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ پنجاب اور راجستھان قومی سطح پر دودھ کے استعمال میں سرفہرست ہیں۔ ایک سروے کے مطابق قومی سطح پر روزانہ 342.3 گرام دودھ کا استعمال ہوتا ہے۔ پنجاب اور راجستھان میں علی الترتیب 1245 گرام اور 1171 گرام دودھ کا روزانہ استعمال ریکارڈ کیا گیا ہے۔ قومی سطح پر اوسط دودھ کے استعمال کے معاملہ میں پنجاب اور راجستھان کو دیگر ریاستوں پر سبقت حاصل ہے۔ انفرادی طور پر دودھ کے استعمال کا یہ رجحان ریاستوں کی سطح پر مختلف دیکھا گیا ہے۔ سروے میں بتایا گیا کہ ملک میں فی کس اوسطاً 342 گرام دودھ استعمال کیا جاتا ہے ۔ غذاؤں کی تیاری میں دودھ کے زائد استعمال کے نتیجہ میں پنجاب اور راجستھان میں انفرادی طور پر دودھ کا استعمال روزانہ ایک ہزار گرام سے تجاوز کرچکا ہے۔ شمالی ریاستوں کے مقابلہ جنوب میں فی کس دودھ کے استعمال میں کمی دیکھی گئی ہے ۔ ملک میں ڈیری انڈسٹری کے نتیجہ میں دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع حاصل ہوئے ہیں اور زرعی معیشت کو استحکام ملا ہے۔ تلنگانہ میں روزانہ اوسطاً 419 گرام دودھ ہر شخص استعمال کرتا ہے جبکہ آندھراپردیش میں 719 گرام دودھ کے استعمال کو ریکارڈ کیا گیا۔ دودھ کے استعمال کے رجحان کے نتیجہ میں ملک میں ڈیری انڈسٹری کو فروغ حاصل ہوا ہے۔