تلنگانہ میں 17 جون سے معمول کی بارش کی پیش قیاسی

Rain-3

تلنگانہ کے تمام اضلاع میں 17جون سے معمول کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا اور موسم باراں کے آغاز میں ہونے والی تاخیر کے سبب جو آبی خسارے کا سامنا ہے وہ دور ہوجائے گا۔ ماہرین موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں مانسون کی بارشوں کا معمول کے مطابق 17 جون سے آغاز ہوجائے گا اور تمام اضلاع میں ہر سال کی طرح اس سال بھی بارش معمول کے مطابق ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق تلنگانہ کے تمام اضلاع میں مانسون کے آمد کے بعد بارشوں کے امکانات میں اضافہ ہونے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ 17 جون سے جو بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا وہ موسم باراں کے اختتام تک معمول کے مطابق جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ گذشتہ دنوں ہوئی بارشوں اور موسمی تبدیلی کے بعد جو حالات پیدا ہوئے ہیں وہ مانسون کی بارشوں کے لئے سود مند ثابت ہوں گے اور مطلع میں ریکارڈ کی جانے والی نمایاں تبدیلی کے بعد ماہرین موسمیات کی رائے موسم باراں کے دوران ناکافی بارشوں کے متعلق تبدیل ہونے لگی ہے ۔ موسم گرما کے دوران محکمہ موسمیات اور ماہرین موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی میں دعویٰ کیا جا رہاتھا کہ جون سے شروع ہونے والے موسم باراں کے دوران ناکافی بارش کے نتیجہ میں آئندہ پینے کے پانی میں قلت کے علاوہ زیر زمین سطح آب میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جائے گی لیکن موسم میں اچانک تبدیلی اور ہونے والی بارشوں کے علاوہ کیرالہ و کرناٹک میں ریکارڈ کی جانے والی مانسون کی بارشوں کے بعد ماہرین موسمیات کی رائے تبدیل ہونے لگی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ نواحی و مضافاتی علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ایل نینو کے نتیجہ میں موسمی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور موسم باراں کے دوران موسم کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے تو ایسی صورت میں موسم باراں کے دوران شدید موسلادھار بارشوں کے امکانات کو بھی مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ اسی لئے اب جو پیش قیاسی کی جانے لگی اس میں یہ کہا جار ہاہے کہ وقت پر مانسون کی آمد نہ ہونے کے اور موسم گرما کی شدت سے جو پانی کی قلت پید ا ہوئی تھی وہ موسم باراں کے دوران ہونے والی بارشوں کے نتیجہ میں دور ہوجائے گی۔

خراب موسم کا اثر : چیف منسٹر کی پرواز کا رخ بنگلورو موڑ دیا گیا
حیدرآباد۔13۔جون(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں جمعہ کی رات اچانک شدید موسلادھار بارش کے سبب حیدرآباد پہنچنے والی 9پروازوں کا رخ دیگر شہروں کی جانب موڑدیا گیا جن میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی دہلی ۔حیدرآباد انڈیگو پرواز بھی شامل ہے جو کہ دہلی سے حیدرآباد پہنچنے کے بجائے بنگلورو پہنچ گئی ۔اسی طرح ممبئی سے حیدرآباد پرواز آنے والے طیارے کو بھی بنگلورو موڑ دیا گیا۔پونے سے حیدرآباد پہنچنے والی پرواز کے علاوہ ناندیڑ ۔حیدرآباد‘ سنگاپور۔حیدرآباد‘ ممبئی ۔ حیدرآباد پروازوں کو بھی بنگلورو میں اتارا گیا۔ واراناسی سے حیدرآباد پہنچنے والی پرواز کا رخ تبدیل کرتے ہوئے سے چینائی روانہ کیاگیا جبکہ بنگلورو سے حیدرآباد کیلئے روانہ ہوئی پرواز کو ناگپور موڑ دیا گیا۔راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر موسم کی خرابی اور انتہائی شدید موسلادھار بارش کے علاوہ تیز ہواؤں کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ائیر ٹریفک کنٹرول نے بیشتر پروازوں کو قریبی ائیر پورٹ پر اتارنے کی ہدایت دی اور کے نتیجہ میں 9پروازوں کو بنگلورو‘ چینائی اور ناگپور ائیر پورٹ پر اتارا گیا۔