بی بی کے علم جلوس کا ریہرسل ، پولیس کمشنر نے انتظامات کا جائزہ لیا

یوم عاشورہ کے موقع پر حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے سخت صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ عاشورہ کے پرامن انعقاد اور عقیدت و احترام سے منانے کیلئے بہترین ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔ یہ بات سٹی پولیس کمشنر حیدرآباد وی سی سجنار نے بتائی۔ انہوں نے آج پرانے شہر کا دورہ کیا اور بی بی کا الاوہ پر حاضری دیتے ہوئے ڈھٹی پیش کی۔ بعدازاں جلوس کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا بالخصوص سری دیوی ہاتھی کو بی بی علم کے جلوس کی مشق کروائی گئی اور مختلف انجمنوں سے بات چیت کی۔ کمشنر پولیس نے عوام کو یقین دلایا کہ محرم کیلئے خصوصی صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار نے بتایا کہ بی بی کا علم جلوس کیلئے 2 ہزار پولیس ملازمین کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلوس کے موقع پر ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹریفک تحدیدات کو عائد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 10 محرم کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور موجودہ پالیسی میں بہتری کیلئے سری دیوی کے ذریعہ ٹرائل رن مشق کروائی گئی۔ کمشنر پولیس نے عوام سے ہمیشہ کی طرح تعاون اور نیک خواہشات کو وابستہ رکھتے ہوئے کہا کہ شہر کے ہر بڑے پروگرام اور تہواروں کے موقع پر عوام نے ہمیشہ پولیس کا بہترین ساتھ دیا ہے۔ عوامی تعاون اور گنگاجمنی تہذیب کی روایت کو عوام نے ہمیشہ قائم رکھا ہے اور پولیس ہمیشہ کی طرح عوام کو بہترین اور خوشگوار ماحول فراہم کرے گی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر لا اینڈ آرڈر جناب تفسیر اقبال، چارمینار زون کے ڈی سی پی کرن کھرے، ڈی سی پی ٹاسک فورس وائبھو رگھوناتھ گائیکواڈ، راہول ہیگڈے و دیگر موجود تھے۔
