ملک میں ایک سال کے دوران 2.3 لاکھ سے زائد گاڑیوں کا سرقہ

TOP_12-10

ملک میں گاڑیوں کے سرقہ کے واقعات میں اضافہ درج کیا گیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران ملک میں 2.3 لاکھ گاڑ یوں کے سرقہ کے واقعات درج کئے گئے۔ دہلی میں سب سے زیادہ 40 ہزار گاڑیوں کے سرقہ کے واقعات پیش آئے۔ ملک کے دارالحکومت کے اعتبار سے سرقہ کے معاملات میں بھی نئی دہلی ملک میں سرفہرست رہا۔ بہار اور مہاراشٹرا میں ایک سال کے دوران فی کس 25 ہزار سے زائد گاڑیوں کے سرقہ کے معاملات منظر عام پر آئے ہیں۔ اترپردیش ، راجستھان ، کرناٹک میں فی کس 15 ہزار سے زائد گاڑیوں کا سرقہ کیا گیا۔ جنوبی ہند اور سنٹرل انڈیا کی ریاستوں میں دیگر علاقوں کے مقابلہ سرقہ کے واقعات کم درج کئے گئے۔ ماہرین نے ریاستوں کے اعتبار سے سرقہ کے واقعات کی بنیاد پر وجوہات کا پتہ چلانے کی کوشش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بیروزگاری اور دیگر جرائم میں ملوث ہوتے ہوئے نوجوان اپنے اخراجات اور تعیشات کی تکمیل کیلئے گاڑیوں کے سرقہ میں ملوث ہورہے ہیں۔ بہار جہاں آبادی کے ساتھ ساتھ بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، وہاں ایک سال میں 28111 گاڑیوں کے سرقہ کے واقعات منظر عام پر آئے ہیں۔ مہاراشٹرا میں 26782 گاڑیوں کا سرقہ کیا گیا ۔ اترپردیش میں 20395 ، راجستھان 17353 اور کرناٹک میں 16591 گاڑیوں کا سرقہ کیا گیا۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش گاڑیوں کے سرقہ کے معاملہ میں اہم ریاستوں میں پیچھے ہیں۔ تلنگانہ میں 8330 اور آندھراپردیش میں 5208 سرقہ کے واقعات پیش آئے۔