پرنس رحیم آغا خاں کا گورنر شیو پرتاپ شکلا نے خیرمقدم کیا

شیعہ اسمعیلی فرقہ کے روحانی پیشوا پرنس رحیم آغا خاں دو روزہ دورہ پر آج حیدرآباد پہنچے۔ گورنر شیو پرتاپ شکلا نے لوک بھون میں پرنس رحیم آغا خاں کا استقبال کیا اور انہیں تہنیت پیش کی۔ گورنر نے شال پوشی کی اور یادگاری مومنٹو پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں قائدین نے آغا خاں ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کی تلنگانہ میں سرگرمیوں پر بات چیت کی۔ پرنس رحیم آغا خاں تلنگانہ میں ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کی خدمات کو مزید توسیع دینے کے حق میں ہے۔ وہ اسمعیلی شیعہ مسلمانوں کے 50 ویں روحانی پیشوا ہیں اور آغا خاں ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے سربراہ ہیں۔ فروری 2025 میں والد پرنس کریم آغا خاں IV کے جانشین مقرر کئے جانے کے بعد ان کا پہلا دورہ ہندوستان ہے۔ وہ نئی دہلی اور گجرات کے دورہ کے بعد حیدرآباد پہنچے اور دو دن قیام کے بعد مہاراشٹرا روانہ ہوں گے۔ آغا خاں ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کی جانب سے گنبدان قطب شاہی کی تزئین نو کے علاوہ دیگر کام انجام دیئے گئے ۔ آغا خاں اکیڈیمی کے ذریعہ اسکولس چلائے جاتے ہیں جن میں طلبہ کی تعداد 22 ہزار سے ز ائد ہیں۔گورنر شیو پرتاپ شکلا نے پرنس کریم آغا خاں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے والد کو خراج پیش کیا اور کہا کہ مرحوم کریم آغا خاں کے ہندوستان بالخصوص حیدرآباد کے ساتھ خصوصی روابط تھے۔ مرکز کی جانب سے انہیں 2015 میں پدما وبھوشن اعزاز سے نوازا گیا۔ گورنر نے حیدرآباد میں آغا خاں ٹرسٹ کی سرگرمیوں کی ستائش کی اور گنبدان قطب شاہی کی بحالی کا تدکرہ کیا۔ انہوں نے تعلیم ، شہری ترقی ، کمیونٹی ہیلت اور ویمن امپاورمنٹ کے شعبہ جات میں آغا خاں ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کی سرگرمیوں کو سراہا۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ آغاز خاں ڈیولپمنٹ نیٹ ورک تلنگانہ میں اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دے گا۔ پرنس رحیم آغا خاں نے لوک بھون کی وزیٹرس بک میں شاندار استقبال پر گورنر سے اظہار تشکر کیا۔
