پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت پر مہیش کمار گوڑ کے 2 سال مکمل

mahesh-kumar-goud

پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت پر مہیش کمار گوڑ کے 2 سال کی تکمیل پر آج پارٹی ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں کارکنوں نے جشن کا اہتمام کیا اور مہیش کمار گوڑ کا شاندار استقبال کیا گیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی اور مختلف محاذی تنظیموں کے قائدین نے مہیش کمار گوڑ کو 2 سال کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ مہیش کمار گوڑ نے آج ہی کے دن پردیش کانگریس کی صدارت کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی مذہبی شخصیتوں نے مہیش کمار گوڑ کو آشیرواد دیا۔ اِس موقع پر ہمہ مذہبی دُعائیہ اجتماع کا اہتمام کیا گیا۔ پارٹی قائدین اور کارکنوں نے مہیش کمار گوڑ کی گلپوشی کی اور اُنھیں تہنیت پیش کی گئی۔ مہیش کمار گوڑ نے اِس موقع پر کیک کاٹا۔ اُنھوں نے صدارت پر 2 سال کی تکمیل کے لئے پارٹی کارکنوں کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ پارٹی تلنگانہ میں مضبوط ہے تاہم آئندہ اسمبلی انتخابات میں بوتھ سطح تک پارٹی کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر ریاستی مہیلا کانگریس ای سورنا نے کہاکہ مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں تمام طبقات کو مؤثر نمائندگی دی گئی ہے۔ پارٹی کارکنوں کی جانب سے آتشبازی کی گئی اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ مہیش کمار گوڑ کے استقبال کے لئے گاندھی بھون میں بیانرس اور فلیکسی لگائے گئے تھے۔ گاندھی بھون میں قائدین اور کارکنوں سے ملاقات کے بعد مہیش کمار گوڑ نے اسمبلی میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی آفس پہونچ کر ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔