حیدرآباد کو صاف ستھرا اور ٹریفک فری شہر بنانے کا حکم: چیف منسٹر ریونت ریڈی

TOP_5-2

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ حیدرآباد کو بالکل صاف ستھرا اور ٹریفک کے مسائل سے پاک شہر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔ چیف منسٹر نے جوبلی ہلز میں واقع اپنی رہائش گاہ پر میونسپل اور متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ مختلف انتظامی اور شہری مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت دی کہ شہر میں کہیں بھی کچرا نظر نہیں آنا چاہیے اور روزانہ کی بنیاد پر گھر گھر کچرا جمع کرنے کے کام کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں غفلت برتنے والے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے تعمیراتی کچرے کی منتقلی کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ میونسپل حدود کے اندر موجود صنعتی علاقوں میں کچرا اٹھانے کے لیے IALA کے عہدیداروں کے ساتھ مکمل تال میل رکھا جائے۔چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر میں ٹریفک کی حمل و نقل کو بہتر بنانے اور سگنل فری نظام کے لیے جہاں ضروری ہو وہاں انڈر پاسیس اور ایلیویٹڈ کوریڈورز کی تعمیر کے جامع منصوبے تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک ریگولیشن پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ گاڑیاں سگنلس پر رکے بغیر مسلسل رواں دواں رہ سکیں۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر نے ‘گرین ٹینکرس’ کے استعمال کو فروغ دینے اور پینے کے پانی کو بچانے کے لیے ایس ٹی پیز (STPs) کا پروسیس شدہ پانی تعمیرات، پارکوں اور باغبانی کے لیے استعمال کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ واٹر بورڈ اور GHMC کے ساتھ ساتھ اطراف کی بلدیات میں بھی گرین واٹر سپلائی کے دائرے کو مزید وسعت دی جائے۔ اس جائزہ اجلاس میں ایم پی ویم نریندر ریڈی، سی ایم سکریٹری مانک راج، ایچ ایم ڈی اے کمشنر سرفراز احمد، شمش آباد میونسپل کارپوریشن کمشنر سروجنا اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔