گریجویٹ ایم ایل سی چناؤ کیلئے بی آر ایس کی سرگرمی تیز

تلنگانہ میں گرائجویٹس زمرہ کی دو ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات کے سلسلے میں بی آر ایس نے امیدواروں کے انتخاب کی سرگرمیوں کو تیز کر دیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راماراؤ نے دونوں گرائجویٹ حلقوں کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے قائدین سے مشاورت کی۔ دونوں حلقوں کے لیے پارٹی امیدواروں کے سلسلے میں بعض ناموں پر اتفاق رائے کی اطلاع ملی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد، رنگا ریڈی اور محبوب نگر اضلاع پر مشتمل گرائجویٹ ایم ایل سی نشست سے کاسانی ویرش مدیراج کو امیدوار بنایا جا سکتا ہے جبکہ ورنگل کھمم اور نلگنڈہ اضلاع پر مشتمل نشست کے لیے اے راکیش ریڈی کے نام پر غور کیا جا رہا ہے۔ پارٹی نے دونوں نشستوں سے مضبوط امیدواروں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ نتائج کو اپنے حق میں کیا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں قائدین 2023ء میں بی جے پی سے بی آر ایس میں شامل ہوئے تھے۔ ان کے ناموں پر اتفاق رائے کے بعد پارٹی سربراہ کے چندر شیکھر راؤ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ایم ایل سی انتخابات میں سب سے پہلے کانگریس نے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔
