8 اضلاع میں مختصر وقفہ کیلئے تیز بارش کی پیش قیاسی

تلنگانہ کے موسم میں ریکارڈ کی جانے والی تبدیلیوں کے دوران محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے ریاست کے 8 اضلاع میں انتہائی شدید موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا ہے کہ یہ بارشیں مختصر وقت کے لئے اور بعض مقامات پر چند منٹ کے لئے ہوں گی۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ 21 اکٹوبر کو تلنگانہ کے 8 اضلاع میں بارش ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے جبکہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے۔بتایا جاتاہے کہ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے ریاست میں موسمی تبدیلیوں کے اثرات کا جائزہ لینے کے بعد جاری کی گئی پیش قیاسی میں واضح کردیا ہے کہ شمال مشرقی مانسون کے دوران بھی تلنگانہ میں مسلسل یا موسلادھار بارشوں کے امکانات نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود موسمی تبدیلی کے آثار کو دیکھتے ہوئے جاری کی جانے والی پیش قیاسی میں کہاجارہاہے کہ خلیج بنگال میں پیدا ہونے والے طوفان کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے ہوا کے دباؤ کے سبب تلنگانہ کے 8 اضلاع کے علاوہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے ساحلی اضلاع اور وڈیشہ کے اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شہر حیدرآباد میں21 اکٹوبر کو دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں گراوٹ اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ رات کے اوقات میں ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے ۔تلنگانہ کے جن اضلاع کے لئے انتباہ جاری کیا گیا ہے ان میں بھدادری کتہ گوڑم‘ کھمم‘ نلگنڈہ ‘ سوریہ پیٹ‘ محبوب نگر ‘ ناگر کرنول ‘ ونپرتی ‘ جوگولامبا گدوال شامل ہیں ۔
