دنیا کی ٹاپ 10 ایرلائنز کمپنیوں میں امریکہ کی 4 کمپنیاں شامل

فضائی سفر کے رجحان میں اضافہ نے بین الاقوامی ایرلائنز کمپنیوں کی مسافت اور پروازوں میں اضافہ کردیا ہے۔ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک دونوں شعبہ جات میں ایرلائنز کمپنیوں نے بڑھتی مانگ کو دیکھتے ہوئے طیاروں کی تعداد اور پروازوں میں اضافہ کردیا ہے۔ دنیا میں مصروف ترین ایرلائنز کمپنیوں کے طور پر 10 کمپنیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی روزانہ کی پروازیں ہزاروں کی تعداد میں ہیں۔ اِس فہرست میں امریکی ایرلائنز کمپنیوں کو غلبہ حاصل ہے جبکہ ہندوستان کی انڈیگو ایرلائنز نے اِس فہرست میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ ٹاپ 10 ایرلائنز کمپنیوں میں ابتدائی 4 کا تعلق امریکہ سے ہے جن میں امریکن ایرلائنز، یونائیٹیڈ ایرلائنز، ڈیلٹا ایرلائنز اور ساؤتھ ویسٹ ایرلائنز شامل ہیں۔ روزانہ کی پروازوں کے اعتبار سے امریکن ایرلائنز نے 6024 پروازوں کے ساتھ فہرست میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ یونائیٹیڈ ایرلائنز کی روزانہ کی پروازیں 4835 اور ڈیلٹا ایرلائنز کی 3952 ہیں اور یہ دونوں علی الترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ ساؤتھ ویسٹ ایرلائنز نے 3871 یومیہ پروازوں کے ساتھ چوتھا مقام حاصل کیا ہے۔ آئرلینڈ کی ریانیر ایرلائنز کی یومیہ پروازیں 3370 ریکارڈ کی گئیں جبکہ چین کی چائنا ایسٹرن ایرلائنز کی 2268 پروازیں ہیں۔ ہندوستان کی انڈیگو کی یومیہ پروازیں 2135 ریکارڈ کی گئیں اور یہ فہرست میں ساتویں نمبر پر ہے۔ چین کی چائنا سدرن ایرلائنز، برطانیہ کی ایزی جیٹ اور چین کی ایر چائنا ایرلائنز نے ٹاپ 10 فہرست میں اپنا مقام بنایا ہے۔ پروازوں کے اعتبار سے امریکہ کے بعد چین کی 3 کمپنیوں کو عالمی سطح پر شناخت حاصل ہوئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نہ صرف ڈومیسٹک بلکہ بین الاقوامی سطح پر طویل مسافت طے کرنے کے لئے فضائی سفر کو ترجیح دی جارہی ہے۔ ایرلائنز کمپنیوں میں مسابقت کے نتیجہ میں مصروف ترین روٹس پر ایرلائنز کرایہ کے تعین میں کمپنیوں کو رعایت کے ذریعہ مسافرین کو راغب کرنے میں مدد ملی ہے۔
