تلنگانہ گلوبل انویسٹ سمٹ کی تیاریاں نومبر تک مکمل کرنے چیف منسٹر کی ہدایت

20pazr3

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نومبر کے اختتام تک تلنگانہ انویسٹ گلوبل سمٹ 2026 کی تیاریوں کو مکمل کرلیں۔ فیوچر سٹی میں 7 تا 9 ڈسمبر تلنگانہ گلوبل سمٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سربراہوں کو مدعو کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے بھارت فیوچر سٹی کا دورہ کرتے ہوئے سمٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ ریاست میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے قومی اور بین الاقوامی سطح کے صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو مدعو کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بین الاقوامی سطح کے ایونٹ کو یقینی بنانے کے لئے عہدیداروں کو مساعی کرنی چاہئے۔ چیف منسٹر نے ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور مقررہ مدت سے کم از کم 15 دن قبل تعمیری کاموں کی تکمیل کی ہدایت دی۔ ضرورت پڑنے پر تعمیری عملہ کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے یونیورسٹی کی عاجلانہ تکمیل کا مشورہ دیا۔ حکومت نے گلوبل سمٹ کے لئے جو نظریہ طے کیا ہے وہ ’’آپ کی سرمایہ کاری، ہمارا تیقن‘‘ ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ سمٹ میں نہ صرف تجارتی سطح کی نامور شخصیتیں شرکت کریں گی بلکہ سیاسی، معاشی اور دیگر شعبہ جات سے وابستہ اہم شخصیتوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے تیاریوں کے سلسلہ میں عہدیداروں سے محکمہ جات کی سطح پر پیشرفت پر معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ فیوچر سٹی میں گلوبل سمٹ کے مقام پر 15 نومبر تک انفراسٹرکچر سہولتوں کی تکمیل کا کام مکمل کرلیا جائے۔ اُنھوں نے تیاریوں کے سلسلہ میں اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل کی سفارش کی۔ ریونت ریڈی نے فیوچر سٹی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے انفراسٹرکچر سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو تیاریوں کی پیشرفت سے واقف کرایا۔