ایرپورٹ پر 1.56 کروڑ روپئے کی غیر ملکی کرنسی ضبط ، 2 گرفتار

شمس آباد ایرپورٹ پر ڈی آر آئی حکام نے دو مسافروں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے1.56 کروڑ روپئے مالیتی بیرونی کرنسی کو ضبط کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آر آئی حکام نے شمس آباد سے کوالالمپور جانے والے ایک مسافر کو روک کر اس کی تلاشی لی جو اپنے لگیج بیاگ میں کپڑوں میں چھپا کر غیرملکی کرنسی لے جارہا تھا۔ ڈی آر آئی حکام کے مطابق مسافر کے قبضے سے 66,600 امریکی ڈالر، 3773 ملیشین رنگٹ اور دو سنگاپوری ڈالربرآمد ہوئے۔ کرنسی کی مجموعی مالیت تقریباً 63.62 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ ڈی آر آئی کی تحقیقات میں مسافر نے انکشاف کیا کہ اس فلائیٹ میں سفر کررہی خاتون کے پاس بھی غیرملکی کرنسی موجود ہے۔ ڈی آر آئی حکام نے خاتون کی شناخت کرکے اس کے لگیج سے بھی 97,600 امریکی ڈالر برآمد کئے جن کی قدر 91.94 لاکھ روپئے بتائی گئی۔ دونوں مسافروں کو حراست میں لے لیا گیا اور دونوں مسافروں کے پاس سے 1.56 کروڑ روپئے مالیتی غیرملکی کرنسی کو ضبط کرتے ہوئے ان کے خلاف کسٹمز ایکٹ 1962 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیااور مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
