امتحانی تاریخوں کے ٹکراؤ پر ہریش راؤ کا چیف منسٹر کو کھلا مکتوب

TOP_23-3

بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر و سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے 6 نومبر کو منعقد ہونے والے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے AEE ( سیول ) امتحانات کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امتحانی تاریخوں کے ٹکراؤ کا باعث تلنگانہ کے ہزاروں انجینئرنگ گریجویٹس اور بے روزگار نوجوان اپنے روزگار کے سنہرے مواقعوں سے محروم ہوجائیں گے ۔ ہریش راؤ نے اپنے مکتوب میں نشاندہی کی ہے کہ TGPSC کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر (AEE) امتحانات اور مرکزی حکومت کے اسٹاف سلیکشن کمیشن جونیر انجینئر (SSCJE) کے امتحانات ایک ہی تاریخ 6 نومبر کو منعقد ہورہے ہیں ۔ انہوں نے استفسار کیا کہ جو امیدوار دوسرے ریاستوں میں قائم مراکز پر SSCJE کا امتحان دے رہے ہیں ۔ ان کے لیے ایک دن فوری تلنگانہ واپس پہونچنا اور فوری TGPSC AEE کا امتحان تحریر کرنا کیسے ممکن ہوسکتا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں نے ان دونوں امتحانات کے لیے برسوں سے سخت محنت اور تیاری کررہے ہیں ۔ اب تاریخوں کے ٹکراؤ کے باعث وہ ایک امتحان کو قربان کرنے کی شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کے لیے طلبہ کی جانب سے بار بار نمائندگی کرنے اور اپیل کرنے کے باوجود تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ۔ ہریش راؤ نے دیگر ریاستوں بہار اور اڈیشہ میں امتحانات ملتوی کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں فوری مداخلت کریں اور 6 نومبر کو منعقد ہونے والے امتحان کو ملتوی کرتے ہوئے نئی تاریخ کا اعلان کریں ۔