ایس آئی آر کی مہم کو زائل کرنے بی جے پی کی تلنگانہ میں مہم

TOP_9-23

بھارتیہ جنتاپارٹی ملک بھر میں جاری SIR کے خلاف مہم کے اثرات کو زائل کرنے کے لئے تلنگانہ سے مہم کا آغاز کرے گی۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ تلنگانہ ریاستی بی جے پی کی جانب سے SIR کی حمایت اور SIR سے ہونے والے فائدوں کو اجاگر کرنے کے لئے شروع کی جانے والی پد یاترا میں 2 نومبر کو شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق یکم نومبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں اپوزیشن اتحاد کے جلسہ عام کا جواب دینے کے لئے بی جے پی نے ریاست تلنگانہ کا انتخاب کیا ہے ۔ ریاستی صدر بی جے پی مسٹر این رامچندر راؤ نے بتایا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی جانب سے SIR کی حمایت میں پد یاترا کا آغاز کرتے ہوئے ’’جمہوریت بچاؤ۔آمریت ہٹاؤ‘‘ مہم شروع کی جا رہی ہے اور اس مہم کا آغاز حیدرآباد سے کیا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ اس پدیاترا کا آغاز مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کریں گے جو کہ 2نومبر کو حیدرآباد میں اپنے دورہ کے دوران پدیاترا میں شرکت کرتے ہوئے اس شعور بیداری پروگرام کا آغاز کریں گے۔ریاستی صدر بی جے پی نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں کانگریس اور ’انڈیا اتحاد‘ میں شامل سیاسی جماعتیں ’’آمریت ‘‘ پھیلانے کی کوشش میں مصروف ہیں اسی لئے بھارتیہ جنتاپارٹی تلنگانہ یونٹ نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کئے جانے والے اس پروپگنڈہ کا جواب دینے کے لئے ریاست گیر سطح پر ’پدیاترا‘ منعقد کی جائے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور اس کی ہم خیال سیاسی جماعتیں ملک میں SIR کے متعلق عوام کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے میں مصروف ہیں اسی لئے بی جے پی نے کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے زیر اقتدار ریاستوں میں اس مہم کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایاجاتاہے کہ امیت شاہ اپنے دورۂ حیدرآباد کے دوران اپوزیشن اور ملک بھر کے عوام کی جانب سے الیکشن کمیشن آف انڈیا پر عائد کئے جانے والے الزامات اور SIR کے ذریعہ رائے دہندوں کے اخراج کے معاملوں پر جواب دیں گے۔دہلی رام لیلا میدان میں اپوزیشن اتحاد کی ریالی کی تیاریوں کے دوران بی جے پی کی جانب سے شہر حیدرآباد میں SIR کی تائید میں پدیاترا کے آغاز اور اس میں امیت شاہ کی شرکت کی توثیق سے اہمیت حاصل ہونے لگی ہے۔