بی آر ایس کی قیادت تلنگانہ میں خشک سالی چاہتی ہے : کرن کمار ریڈی

TOP_8-24

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ چملا کرن کمار ریڈی نے بی آر ایس قیادت پر تلنگانہ کے عوام سے ہمدردی نہ رکھنے اور سیاسی فائدے کیلئے ریاست میں خشک سالی کی تمنا رکھنے کا سنگین الزام عائد کیا ہے ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر اور دوسرے قائدین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ( کے ٹی آر ) کو لگتا ہے وہ داڑھی بڑھاکر بڑے آدمی بن گئے ہیں لیکن ان کی گفتگو عقل و منطق سے دور اور پاگل پن سے بھری ہوئی ہے ۔ کرن کمار ریڈی نے فنی حقائق کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کے پمپ ہاؤز سے پانی لفٹ کرنے کیلئے پانی کی سطح کا 93.5 میٹر ہونا ضروری ہے ۔ فی الوقت وہاں پانی کے بہاؤ کی سطح صرف 89میٹر ہے ۔ یہی تکنیکی اور قدرتی صورتحال میڈی گڈا ، انارم اور سنڈچلا بیریجس کے قریب بھی برقرار ہے جس کی وجہ سے اس سطح پر پانی اُٹھانا ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ریاستی حکومت دیو دولا اور سیتا رام لفٹ اریگیشن اسکیمات کے ذریعہ دریائے گوداوری کے پانی کو باقاعدگی سے لفٹ کر کے کسانوں اور عوام کی ضروریات کیلئے استعمال کررہی ہے ۔ چملا کرن کمار ریڈی نے بی آر ایس کے قائدین پر موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین حالات میں سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اس معاملہ پر تمام فریقین کو ساتھ لیکر چلنے کی حکمت عملی پر کام کررہی ہے ۔ ال نینو کی وجہ سے پیدا ہونے والے موسمی بحران کا جائزہ لینے کیلئے ریاستی حکومت نے ہنگامی اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔ 28اکٹوبر کو کُل جماعتی اجلاس منعقد کیا جارہا ہے ۔