کجریوال کے بنگلہ سے سی سی ٹی وی ڈی وی آر ضبط

CCTV-DVR

عام آدمی پارٹی رکن راجیہ سبھا سواتی ملیوال پر مبینہ حملہ کی تحقیقات کے سلسلہ میں دہلی پولیس کی ایک ٹیم اتوار کے دن نئی دہلی میں چیف منسٹر اروند کجریوال کے سرکاری بنگلہ پر پہنچی۔ ذرائع نے یہ بات بتائی۔ پولیس ٹیم نے الکٹرانک آلات بشمول سی سی ٹی وی ڈی وی آر (ڈیجیٹل ویڈیو ریکارڈر) اکٹھا کرلئے تاکہ 13 مئی کو سواتی پر حملہ کا فوٹیج مل سکے۔ کجریوال کے پی اے ببھو کمار پر الزام ہے کہ اس نے چیف منسٹر کے بنگلہ میں سواتی پر حملہ کیا۔ سواتی ملیوال کا الزام ہے کہ چیف منسٹر کے بنگلہ کے سی سی ٹی وی فوٹیج میں الٹ پھیر کیا گیا ہے۔ ببھو کمار کو ہفتہ کے دن گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے پولیس کی 5 روزہ تحویل میں دے دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران ِ تفتیش ببھو کمار نے ٹالنے والے جوابات دیئے۔ اسی دوران عام آدمی پارٹی نے دہلی پولیس پر الزام عائد کیا کہ وہ الیکشن سے قبل پارٹی کی امیج خراب کرنے کہانیاں گھڑ رہی ہے۔ پارٹی قائد سوربھ بھاردواج نے آج پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ دہلی پولیس بی جے پی کی ایماء پر ایسا کررہی ہے۔