حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں اندراماں ٹاورس کی تعمیر

حیدرآباد کیور اربن ریجن کے تحت غریبوں کے لئے اندراماں ٹاورس کی تعمیر میں پیشرفت کرتے ہوئے وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے آج شیر لنگم پلی اسمبلی حلقہ کے رائے درگ میں اندرماں ٹاور کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ حیدرآباد کے 16 اسمبلی حلقہ جات میں اندراماں ہاؤزنگ کیلئے حکومت نے ٹاورس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے شہری علاقوں سے تعلق رکھنے والے غریب خاندانوں کو مکانات کی فراہمی کا منفرد منصوبہ تیار کیا ہے ۔ شہری علاقوں میں سرکاری اراضی کے حصول میں دشواریوں کو دیکھتے ہوئے ٹاورس کی تعمیر کا آغاز کیا گیا۔ غریبوں کے ذاتی مکان کے خواب کو پورا کرنے میں ٹاورس کی تعمیر مدد گار ثابت ہوگی۔ اندراماں ٹاورس میں استفادہ کنندگان کو 17 تا 20 مربع گز پر اپارٹمنٹ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے رجسٹرین کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔ ریاستی وزیر نے واضح کیا کہ استفادہ کنندگان کے انتخاب کے سلسلہ میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہے۔ لاٹری سسٹم کے ذریعہ اہل استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا جارہا ہے۔ پہلے مرحلہ میں اسمبلی حلقہ کے تحت 480 مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا اور کئی مقامات پر ٹنڈرس کو قطعیت دی جاچکی ہے ۔ دیہی علاقوں میں حکومت نے 4.50 لاکھ مکانات کی منظوری دی ہے اور استفادہ کنندگان کو دو مراحل میں پانچ لاکھ روپئے کی سبسیڈی فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں دوسرے اور تیسرے مرحلہ کے تحت مکانات کی تعمیر عمل میں آئے گی۔ سرینواس ریڈی نے شہری علاقوں میں چار مراحل میں اندراماں ٹاورس کی تعمیر کا تیقن دیا ۔ بی آر ایس دور حکومت میں حیدرآباد سے 30 تا 40 کیلویٹر کی دوری پر ڈبل بیڈروم مکاناگ فراہم کئے گئے تھے۔ کانگریس حکومت نے ہر اسمبلی حلقہ میں مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔
