نوجوانوں کو حب الوطنی کے جذبہ کے ساتھ ملک کی خدمت کا مشورہ

TOP_4-16

گورنر تلنگانہ شیو پرتاپ شکلا نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کے ساتھ ساتھ فرائض اور ذمہ داریوں کو بھی نمایاں اہمیت دیتے ہوئے سماج کیلئے اپنی خدمات پیش کریں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قومی تعمیر میں اپنا حصہ ادا کریں اور حب الوطنی کے جذبہ کے ساتھ خود کو پابند ڈسپلن بنائیں۔ گورنر آج سکندرآباد کے ملٹری کالج آف الیکٹرانکس اینڈ میکانیکل انجنیئرنگ میں راشٹریہ سینک سنستھا کی 19 ویں قومی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ گورنر نے ملٹری کالج آف الیکٹرانکس کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ دفاعی شعبہ میں عصری ٹکنالوجی متعارف کرنے میں کالج نے اہم رول ادا کیا ہے۔ گورنر نے حیدرآباد اسٹیٹ کے انڈین یونین میں انضمام کا حوالہ دیا اور کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے بعد بھی حیدرآباد اسٹیٹ شامل نہیں ہوا تھا ۔ سردار پٹیل نے ہندوستانی فوج کے ذریعہ کارروائی کرتے ہوئے انڈین یونین میں انضمام کو یقین بنایا ہے ۔ گورنر نے گزشتہ 25 برسوں کے دوران حب الوطنی اور ڈسپلن کے علاوہ قومی اتفاق رائے پیدا کرنے میں راشٹریہ سینک سنستھا کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سابق فوجیوں اور حب الوطنی کا جذبہ رکھنے والے شہریوں کو متحد کیا گیا ہے ۔ گورنر نے ملک کو درپیش چیلنجس کا مقابلہ کرنے کیلئے نوجوان نسل کو تیار رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ نوجوان تخریبی سرگرمیوں کے بجائے تعمیری سرگرمیوں میں رول ادا کرسکتے ہیں۔ آتما نربھر بھارت نظریہ کے تحت ہندوستان نے دفاعی ٹکنالوجی کے فروغ اور دفاعی آلات کی تیاری میں پیشرفت کی ہے۔ انہوں نے دفاعی تحقیقی اداروں اور افواج کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت ظاہر کی۔ گورنر نے سابق فوجیوں کو ملک کیلئے ان کی ذمہ داریوں سے واقف کرایا اور کہا کہ فوجی یونیفارم اتارنے کا مطلب یہ نہیں کہ قومی خدمات بھی ختم ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو وکست بھارت 2047 کی تکمیل کیلئے کام کرنا چاہئے ۔ اس موقع پر گورنر نے سنستھا کے نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو میڈلس ادا کئے گئے۔ سنستھا کے قومی صدر اور ویر چکر ایوارڈ یافتہ کرنل تجیندر پال تیاگی ، تلنگانہ کے ریاستی صدر میجر جنرل این سرینواس راؤ ، ایر مارشل راہول بھوشن ، پروفیسر نیلم پوار اور دوسروں نے شرکت کی ۔