سابق وزیراعلی تلنگانہ کے چندرشیکھرراو کی گمشدگی کے پوسٹرس بی جے پی کی جانب سے لگائے گئے

تلنگانہ کے سدی پیٹ ضلع کے گجویل اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کے لیڈروں نے سابق وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے لاپتہ ہونے کے پوسٹرس مکانات کی دیواروں پر لگائے۔ انہوں نے ان پوسٹرس کے ذریعہ عوام سے پوچھا کہ کے چندرشیکھرراو کہاں ہیں؟انہوں نے ساتھ ہی پولیس سے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ سابق وزیراعلی لاپتہ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گجویل اسمبلی حلقہ سے تین مرتبہ کامیابی کے بعد بھی چندرشیکھرراونے اس حلقہ کا ایک مرتبہ بھی دورہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 4سڑکیں تعمیر کرنے اور4عمارتوں کی تعمیر ترقی نہیں ہے۔بی جے پی کے لیڈروں نے دیواروں پر لگائے گئے ان پوسٹرس کے قریب ٹہر کر تصویر کشی اور ویڈیوگرافی بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ سی سی روڈ کی تعمیر مکمل نہیں ہوئی ہے اور سرکاری اسپتال میں عملہ کی کمی ہے۔ لاٹری کے ذریعہ منتخب استفادہ کنندگان کوڈبل بیڈروم مکانات نہیں دیئے گئے۔ بی جے پی کے لیڈروں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات کے موقع پر جلسوں سے خطاب کے بعد چندرشیکھرراو ہنوز اس حلقہ میں نظرنہیں آئے۔ چندرشیکھرراو کی گمشدگی کے پمفلٹس بھی ان کارکنوں نے تقسیم کئے اور کہا کہ کے چندرشیکھرراو کہاں ہیں اور کیسے ہیں وہ نہیں جانتے۔
