دہلی:سابق سی ایم کیجریوال پرپدیاتراکےدوران حملہ، عام آدمی پارٹی نےلگایاالزام۔۔ کہا۔بی جے پی نےبھیجےغنڈے

عام آدمی پارٹی (AAP) اور وزیر اعلیٰ آتشی نے الزام لگایاکہ دہلی کے سابق وزیر اعلی ٰاروند کیجریوال پر ان کی وکاس پوری پدایاترا کے دوران بی جے پی کے لوگوں نے حملہ کیا۔ وزیراعلیٰ کے مطابق بی جے پی جانتی ہے کہ وہ انتخابات میں اروند کیجریوال کو شکست نہیں دے سکتی ہے۔ اب بی جے پی ،گندی سیاست کرکے کیحریوال کی جان لینا چاہتے ہیں۔ دوسری طرف بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے مایوسی سے دیا گیا بیان قرار دیا ہے۔ دوسری جانب دہلی پولیس نے ایسی کسی بھی واردات سے انکار کیا ہے۔ مغربی دہلی پولیس کے ڈپٹی کمشنر وچترا ویر کا کہنا ہے کہ وکاس پوری میں کیجریوال پر حملہ کا کوئی واقعہ دہلی پولیس کے علم میں نہیں آیا ہے۔ جمعہ کی شام دیر گئے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے الزام لگایا کہ کیجریوال کو ہراساں کرنے اور ان کا کام روکنے کی بی جے پی کی ہر سازش ناکام ہو گئی ہے اور اب انہیں مارنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ آتشی نے کہا کہ جمعہ کے حملے کی تحقیقات سے پتہ چلے گا کہ حملہ آور بی جے پی کا رکن تھا۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر آپ میں ہمت ہے تو تحقیقات کرائیں اور حملہ آور کے خلاف سخت ترین کارروائی کریں۔ عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ بی جے پی والے، اروند کیجریوال کی ہمت نہیں توڑ سکتے۔ دہلی کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے بی جے پی والوں کا علاج کریں گے۔ وہیں سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے الزام لگایا کہ پہلے جیل میں اروند کیجریوال کو مارنے کی کوشش کی گئی۔ اب عدالت سے راحت ملنے کے بعد بی جے پی والے ا نہیں مارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کیجریوال پر کوئی حملہ نہیں ہوا، عوام احتجاج کر رہی ہے: سچدیوا پردیش بی جے پی نے وکاسپوری میں سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال پر حملے کے AAP کے دعوے کو بے بنیاد قراردیاہے۔ بی جے پی نے کہا کہ کیجریوال پرکوئی حملہ نہیں ہواہے، بلکہ عوام ان کی اور ان کے ایم ایل اے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ریاستی بی جے پی صدر وریندر سچدیوا اور ایم پی کمل جیت سہراؤت نے کہا کہ کیجریوال اور ان کے ارکان اسمبلی کو ہر جگہ عوامی مخالفت کا سامنا ہے۔ دراصل، لوگ خراب سڑکوں، ناقص صفائی، پانی کی کمی، بجلی کے بھاری بلوں اور صحت اور تعلیم کی خراب خدمات سے پریشان ہیں۔ اس کے ساتھ ہی آپ ایم ایل اے اور کونسلروں کے کام کرنے کے انداز سے تنگ آکر لوگ اب سڑکوں پر اروند کیجریوال کی مخالفت کرنے لگے ہیں۔
