عمر عبداللہ نے جموں میں آئندہ ہفتے کے تمام پروگرام منسوخ کر دئیے۔

جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اتوار کو اعلان کیا کہ شدید سردی کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کے پیش نظر انہوں نے آئندہ ہفتے کشمیر میں رہنے کی وجہ سے جموں میں تمام پروگرام منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر بجلی اور دیگر اہم محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔کشمیر وادی میں شدید سردی اور اس کے نتیجے میں پانی اور بجلی کی فراہمی میں مشکلات کے پیش نظر، میں نے جموں میں اپنے آئندہ پروگرام منسوخ کرنے اور اگلے ہفتے سری نگر میں قیام کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بجلی اور دیگر اہم محکموں کی کارکردگی کو خود مانیٹر کر سکوں۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ جموں کے پروگرام منسوخ کرنے سے منتظمین کو کچھ مشکلات پیش آئیں گی جس پر انہیں افسوس ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ جموں کے پروگرام منسوخ کرنے سے منتظمین کو کچھ پریشانی ہو سکتی ہے اور میں اس پر افسوس کرتا ہوں، لیکن موجودہ حالات میں یہ درست فیصلہ ہے۔ میں ان افراد اور تنظیموں کے ساتھ تعاون کرنے کی کوشش کروں گا جن کے پروگرام متاثر ہوئے ہیں۔ عمر عبداللہ نے مزید بتایا کہ وہ جیسلمیر سے واپسی کے سفر پر ہیں اور کل صبح سری نگر پہنچ جائیں گے۔قابل ذکر ہے کہ کشمیر اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، کیونکہ ہفتے کے روز سے ‘چلہ کلان’ یعنی سخت ترین 40 روزہ سردی کا آغاز ہو چکا ہے، جس سے لوگوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
