نلگنڈہ چوراہا تا اویسی جنکشن فلائی اوور کے کام کی جون میں تکمیل

جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ ایس آر ڈی پی اسکیم کے تحت نلگنڈہ کراس روڈ سے اویسی جنکشن تعمیر کیا جانے والا فلائی اوور کے کام جون تک مکمل ہوجائیں گے۔ فلائی اوور کے تعمیری کاموں میں تاخیر کے باعث تقریباً 100 کروڑ روپئے کا اضافی بوجھ عائد ہورہا ہے۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے بتایا کہ فیلڈ لیول پر کچھ مسائل تھے، 3.38 کیلومیٹر کا یہ فلائی اوور تعمیر کیا جارہا ہے، چند مقامات پر رکاوٹیں حائل ہونے کی وجہ سے کاموں میں تاخیر ہورہی ہے، لیکن جن مقامات پر رکاوٹیں نہیں تھیں، وہاں پر 50% کام مکمل ہوچکا ہے۔ جملہ 88 فاؤنڈیشنس کے کام ہیں ، جن میں 86 فاؤنڈیشنس کے کام مکمل ہوچکے ہیں۔ عبادت گاہوں کی حصول اراضی تکمیل نہ ہونے کے سبب دو فاؤنڈیشنس کے کام مکمل نہیں ہوپائے۔ 88 پلرس کے کام مکمل ہوگئے۔ اس کے علاوہ 43 پیئر کیبس کے کام بھی مکمل ہوچکے ہیں۔ مابقی فائبریکیشن کے کام جاری ہیں۔ سعیدآباد جنکشن تا یادگری تھیٹر کے درمیان 23 جائیدادوں کی اراضی کے حصول کا کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے تعمیرات میں تاخیر ہوئی ہے۔ ان کاموں کیلئے 149 جائیدادوں کے حصول کا منصوبہ تھا جس میں 126 جائیدادوں کی حصولیابی ہوچکی ہے، مابقی 23 جائیدادوں کی حصولیابی کا کام جاری ہے جس میں 5 مذہبی ڈھانچوں کی اراضیات ہیں۔ ان جائیدادوں کی حصولیابی کیلئے ٹاؤن پلاننگ اور انجینئرنگ شعبہ کے عہدیدار ایک دوسرے سے تال میل کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعہ مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 5 جائیدادوں کے تعلق سے کورٹ نے حکم التواء جاری کیا ہے۔ ٹریفک مسائل کی وجہ سے ڈیک سلاب کے کام میں دن میں نہیں کئے جاسکتے جس کی وجہ سے یہ کام رات میں انجام دینا ہوگا۔ تمام مسائل کو حل کرتے ہوئے ماہ جون میں فلائی اوور کی تعمیرات مکمل کرلی جائے گی۔
