ریونت ریڈی کا 16جنوری سے سنگاپور اور ڈاؤس کا دورہ

چیف منسٹر ریونت ریڈی 16جنوری سے سنگاپور اور ڈاؤس کے دورہ پر روانہ ہوں گے ۔ 16 تا 19جنوری سنگاپور اور 20 تا 22جنوری ڈاؤس کا دورہ کریں گے ۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو اور محکمہ صنعت کے اعلیٰ عہدیدار شامل رہیں گے ۔ چیف منسٹر نے آج اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس میں بیرونی دورہ کے موقع پر تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے صنعت کاروں سے ملاقات اور امکانی معاہدات کا جائزہ لیا ۔ ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت سے قبل ریونت ریڈی سنگاپور میں اسکل یونیورسٹی کے عہدیداروں سے ملاقات کریں گے ۔ سنگاپور کے صنعت کاروں سے چیف منسٹر کی ملاقات ہوگی ۔ عہدیداروں نے سنگاپور اور ڈاؤس میں پروگراموں اور ملاقاتوں کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ سرمایہ کاری کے اعتبار سے ہندوستان میں بین الاقوامی کمپنیوں کا چنندہ مقام بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیوچر سٹی میں نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی نئی صنعتی پالیسی مستقبل میں سرمایہ کاری میں اضافہ کا سبب بنے گی ۔ گزشتہ ڈاؤس اجلاس میں تلنگانہ میں 40232 کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدہ کئے گئے تھے ۔ 14 ممتاز نامور کمپنیوں نے سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا تاکہ 18پراجکٹس قائم کئے جائیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 17 پراجکٹس کا آغاز ہوچکا ہے ، 10پراجکٹس تکمیل کے مراحل میں ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 7پراجکٹس ابتدائی مرحلہ میں ہے ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ڈاؤس کانفرنس میں تلنگانہ کی صنعتی پالیسی کو پیش کرنے کا ایکشن پلان تیار کریں ۔ اجلاس میں حکومت کے مشیر نریندر ریڈی ، اسپیشل سکریٹری چیف منسٹر اجیت ریڈی اور دیگر عہدیدار شریک تھے ۔
