غیر موسمی بارش سے فصلوں کو نقصانات سے بچانے کلکٹرس چوکس رہیں

وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت نے ربیع سیزن 2024-25 کیلئے دھان کی خریدی کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت 70.13 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریدی کا نشانہ مقرر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 57 لاکھ ایکر اراضی پر 127.50 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار ہوئی اور تلنگانہ دھان کی پیداوار اور خریدی میں ملک کی نمبر ون ریاست بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم خریف میں تلنگانہ میں 153.5 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار رہی۔ خریف اور ربیع سیزن میں جملہ 281 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار ہوئی۔ اتم کمار ریڈی نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں دھان خریدی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو غیر موسمی بارش سے چوکسی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ غیرموسمی بارش سے فصلوں کو نقصان کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خریداری مراکز پر 18 اپریل تک 8.51 لاکھ میٹرک ٹن دھان پہنچی ہے جس میں سے 5.77 لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدی گئی باقی 3.79 لاکھ میٹرک ٹن باریک دھان جبکہ 1.98 لاکھ میٹرک ٹن موٹا چاول ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ دھان کی خریدی کا نشانہ مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چاول کی غیر قانونی منتقلی کو روکنے ریاست کے سرحدی چیک پوسٹ پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ باریک چاول کی پیداوار پر کسانوں کو فی کنٹل 500 روپئے بونس ادا کیا جارہاہے۔ اتم کمار ریڈی کے ہمراہ وزیر پنچایت راج ڈی سیتکا بھی شریک تھیں۔ پرنسپل سکریٹری سیول سپلائیز ڈی ایس چوہان نے ضلع کلکٹرس کو رہنماخطوط جاری کئے۔
