تلنگانہ آر ٹی سی میں 3038 جائیدادوں پر تقررات کیلئے عنقریب اعلامیہ

وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ آر ٹی سی میں 3038 جائیدادوں پر تقررات کیلئے عنقریب اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ان میں ڈرائیورس، شرامک، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ٹریفک، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ میکانیکل، ڈپو منیجر؍ اسسٹنٹ ٹریفک منیجر، اسسٹنٹ میکانیکل انجینئر، اسسٹنٹ انجینئر سیول، اکاؤنٹس آفیسرس، میڈیکل آفیسر (جنرل ) اور میڈیکل آفیسر ( اسپیشلسٹ) شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آر ٹی سی میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی اجازت دے دی ہے اور اعلامیہ جلد ہی جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آر ٹی سی کو مستحکم کرنے کیلئے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہا لکشمی اسکیم کے آغاز کے بعد سے آر ٹی سی میں خاتون مسافرین کی تعداد میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے حلف برداری کے فوری بعد مہا لکشمی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز کیا۔ ریاست میں اسکیم کے تحت 165 کروڑ خواتین نے بس میں سفر کیا اور 5500 کروڑ کی بچت ہوئی ہے۔ پونم پربھاکر نے بتایا کہ کانگریس حکومت نے مختلف سرکاری محکمہ جات میں تقریباً 60 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے ہیں۔ حکومت نے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے جاب کیلنڈر جاری کیا ہے جس کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے بیروزگار نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس موقع سے اسفادہ کرتے ہوئے امتحانات کی موثر انداز میں تیاری کریں۔ انہوں نے آر ٹی سی میں طویل عرصہ بعد تقررات کی اجازت پر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا سے اظہار تشکر کیا۔آر ٹی سی میں جن 3038 جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا گیا ان میں ڈرائیورس 2000 ، ورکرس 743 ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ٹریفک 84، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ میکانیکل 114 ، ڈپو منیجر؍ اسسٹنٹ ٹریفک منیجر 25، اسسٹنٹ میکانیکل انجینئر 18 ، اسسٹنٹ انجینئر ( سیول ) 23 ، سیکشن آفیسر ( سیول ) 11 ، اکاؤنٹ آفیسرس 6 ، میڈیکل آفیسرس ( جنرل ) 7 اور میڈیکل آفیسرس ( اسپیشلسٹ ) 7 شامل ہیں۔
