یتیم و یسیر بچوں کو مکان کی منظوری، رقمی و غذائی اجناس سے مدد

بی آر ایس کے سابق رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے آج منچریال پہنچ کر ضلع کلکٹر آصف آباد سے ملاقات کی۔ ریاستی وزیر سیتااکا کی جانب سے سرپورٹاؤن کے ساکن و مرحوم آٹو ڈرائیور کی دو لڑکیوں ماہین، نوری اور ایک لڑکے محمد مصطفی کو منظور کردہ اندراماں مکان کا سفارشی مکتوب حوالے کرتے ہوئے ان یتیم و یسیر بچوں کو سر چھپانے کیلئے اندراماں مکان حوالے کرنے کی یادداشت پیش کی، جس پر کلکٹر نے مکان الاٹ کرنے کا فاروق حسین کو یقین دلایا۔ اس موقع پر ایک جائزہ اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے منچریال پہنچنے والی ریاستی وزیر سیتااکا سے بھی فاروق حسین نے ملاقات کی اور ان بچوں کو مکان منظور کرنے پر پھر ایک مرتبہ اظہارتشکر کرتے ہوئے ان کی جانب سے کلکٹر کو پیش کردہ مکتوب کا بھی حوالہ دیا۔ واضح رہیکہ 5 مئی کو روزنامہ سیاست میں مذکورہ یتیم و یسیر دو بہنوں اور ایک بھائی کو ’’سرچھپانے کیلئے گھر نہ ہونے اور آمدنی کا کوئی ذریعہ‘‘ نہ ہونے کی ایک نیوز شائع ہوئی تھی جو سیاسی و عوامی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی تھی۔ بی آر ایس کے سینئر قائد سابق رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے روزنامہ سیاست کی اس نیوز پر فوری متحرک ہوگئے اور ان بچوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ وزیر پنچایت راج و بہبود خواتین و اطفال سیتااکا سے ملاقات کی۔ روزنامہ سیاست میں شائع خبر کو ان کے سامنے پیش کرتے ہوئے ان بچوں کو فوری اندراماں اسکیم کے تحت مکان الاٹ کرنے پر زور دیا۔ ان بچوں کی جانب سے داخل کردہ اندراماں درخواست کو منسوخ کردینے کی تفصیلات سے بھی واقف کرایا جس پر وزیر نے نہ صرف مکان منظور کیا بلکہ متعلقہ کلکٹر کو بھی اس کی ہدایت دی۔ فاروق حسین نے ضلع آصف آباد کے سرپور ٹاؤن پہنچ کر مقامی سیاست کے ڈسٹرکٹ اسٹاف رپورٹر عبدالجمیل اور مقامی گرام پنچایت کے سابق رکن عفت حسین کے ساتھ مل کر یتیم بچوں سے ملاقات کی۔ انہیں مالی امداد کرنے کے علاوہ چاول و دیگر گھریلو سامان کی ضروری اشیاء اور عید کے کپڑے بھی دیئے اور ساتھ ہی مکان کا منظوری سرٹیفکیٹ بھی حوالے کیا۔ مستقبل میں معاشی اور تعلیمی ضروریات کی تکمیل کرنے کا یقین دلایا۔ اس موقع پر شیخ ایاز احمد ایڈوکیٹ، راج شیکھر، سکندر اور منور علی بھی موجود تھے
