ہندوستان کو قومی زبان کی ضرورت نہیں : کے ٹی آر

20last_6

ملک کی مختلف ریاستوں میں ہندی مسلط کرنے کی کوششوں پر تنازعہ کے دوران بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے آج کہا کہ ہندوستان کی کوئی قومی زبان نہیں ہے اور نہ ہی ملک کو کسی قومی زبان کی ضرورت ہے ۔ کے ٹی آر جئے پور میں ٹاک ۔ جرنلزم کے 9 ویں ایڈیشن میں اظہار خیال کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں 22 سرکاری زبانیں ہیں اور ملک میں 300 غیر سرکاری زبانیں بولی جاتی ہیں۔ ہندوستان کی یہی کثرت اس کی طاقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زبان صرف ترسیل کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ یہ ہماری ثقافتی شناخت ہے ۔ انہوں نے کہا میں کسی پر تلگو مسلط نہیں کرتا اور کسی کو بھی مجھ پر ہندی مسلط نہیں کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان 70 برس سے کسی قومی زبان کے بغیر آگے بڑھ رہا ہے اور اب بھی اس میں کسی تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے ۔ کے ٹی راما راؤ نے حلقہ جات کی از سر نو حد بندی کے تعلق سے کہا کہ حد بندی کے نام پر جنوبی ریاستوں کے پارلیمانی اختیارات کو کم کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے تمام ریاستوں کو مساوی نمائندگی دینے اور وفاقی احترام سے کام کرنے کی ضرورت پر زورد یا.