حیدرآباد کو آلودگی سے پاک شہر بنانے 3000 الیکٹرک بسوں کا منصوبہ

تلنگانہ میں مہا لکشمی اسکیم کے تحت آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت کی فراہمی کے ذریعہ حکومت نے 18 ماہ میں 200 کروڑ زیرو ٹکٹ کی اجرائی کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی 7 ڈسمبر 2023 کو تشکیل کے فوری بعد 9 ڈسمبر سے آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت کا آغاز کیا گیا۔ گزشتہ 18 ماہ میں 200 کروڑ زیرو ٹکٹ جاری کئے گئے جس کے نتیجہ میں خواتین کو 6680 کروڑ کی بچت ہوئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے آج ریاست کے تمام بس ڈپوز میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں حکومت کی اسکیم کی کامیابی پر خوشیاں منائی گئیں۔ حیدرآباد میں منعقدہ تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے شرکت کی۔بھٹی وکرمارکا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 200 کروڑ خواتین نے گزشتہ 18 ماہ کے دوران آر ٹی سی بسوں میں سفر کیا ہے اور یہ کسی تہوار سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں حکومت نے مفت بس سرویس کے وعدہ کی تکمیل کی جس کے نتیجہ میں خواتین کے 6680 کروڑ روپئے کی بچت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسکیم کے معاوضہ کی رقم آر ٹی سی کو ادا کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی خواتین کے مفت سفر کا معاوضہ حکومت کی جانب سے آر ٹی سی کو ادا کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے آر ٹی سی کو خسارہ سے نکال کر منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے کے اقدامات کر رہی ہے ۔ آر ٹی سی کی 2400 نئی بسوں کی خریداری کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں خدمات کو بہتر بنانے میں مدد ملی حیدرآباد کو آلودگی سے پاک شہر میں تبدیل کرنے کیلئے 2800 بسوں کی جگہ الیکٹرک بسوں کو متعارف کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آر ٹی سی نے 3000 الیکٹرک بسوں کا آرڈر دیا ہے جن میں سے 11 فیصد الیکٹرک بسیں آر ٹی سی کو حاصل ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو صرف مفت سفر کی سہولت کے علاوہ انہیں آر ٹی سی بسوں کا مالک بنایا جارہا ہے ۔ 150 ویمنس سیلف ہیلپ گروپس نے آر ٹی سی بسوں کو لیز پر حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی میں مسافرین کی شرح 67 فیصد سے بڑھ کر 97 فیصد ہوچکی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ آر ٹی سی میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے اسکیم کی کامیابی پر ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کو مبارکباد پیش کی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ آر ٹی سی کو منافع بخش ادارہ نے تبدیل کرتے ہوئے ملازمین اور ورکرس کے لئے مختلف سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اسکیم کی کامیابی کا سہرا آر ٹی سی ملازمین کے سر جاتا ہے۔ اس موقع پر خاتون مسافرین نے مہا لکشمی اسکیم کے آ غاز پر حکومت سے اظہار تشکر کیا ۔وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ایک کروڑ خواتین کو کروڑ پتی بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے اور سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعہ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہیلا گروپس میں 21650 کروڑ بلا سودی قرض جاری کیا گیا ہے.
