ایل بی نگر تا پدا عنبرپیٹ 650 کروڑ سے فلائی اوور کی تعمیر: وینکٹ ریڈی

وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے عوامی نمائندوں و عہدیداروں کے ساتھ ایل بی نگر تا پداعنبرپیٹ 650 کروڑ سے زیر تعمیر الیویٹیڈ فلائی اوور کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے علاقہ کا دورہ کرکے فلائی اوور کی عاجلانہ تکمیل کیلئے حکام کو ہدایت دی۔ رکن اسمبلی مال ریڈی رنگاریڈی اور روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن صدر نشین مال ریڈی رام ریڈی و مقامی کانگریس قائدین شامل تھے۔ وینکٹ ریڈی نے عوام سے ملاقات کرکے ٹریفک کے درپیش مسائل پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے انہوں نے سڑکوں کی تعمیر اور توسیع کیلئے اقدامات کئے تھے۔ اب وزیر عمارات و شوارع کے طور پر انہوں نے فلائی اوور کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کاموں کی جلد تکمیل کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآبا سے وجئے واڑہ کا فاصلہ محض دو گھنٹے میں طے کرنے گرین فیلڈ سڑکوںکی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 6 اگست کو مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے ملاقات کرکے تلنگانہ میں قومی شاہراہوں کی تعمیر پر نمائندگی کریں گے۔ وینکٹ ریڈی نے حیدرآباد کی ترقی پر کے ٹی آر کے دعوؤں کو مسترد کردیا اور سوال کیا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور میں اپل تا نارا پلی فلائی اوور کا کام مکمل کیوں نہیں کیا گیا؟ گزشتہ 10 برس میں بی آر ایس نے حیدرآباد کی ترقی کے محض دعوے کئے اور ریاست کو مقروض بنادیا۔ بی سی تحفظات کے حق میں کویتا کی مہم کے تعلق سے مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بی سی تحفظات سے کے سی آر کی دختر کا کیا تعلق ؟ 10 برسوں میں کویتا نے بی سی تحفظات کے مسئلہ پر کوئی آواز نہیں اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنارہی ہے.
