میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ کی خانہ پور میں پدیاترا کا شاندار استقبال

تلنگانہ میں کانگریس کی اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے آج عادل آباد کے خانہ پور اسمبلی حلقہ میں جنہتا پدیاترا کا اہتمام کیا۔ کانگریس پارٹی اور حکومت سے عوام کو قریب کرنے کے مقصد سے میناکشی نٹراجن نے 6 اضلاع میں پدیاترا کا آغاز کیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں عادل آباد کے خانہ پور میں پدیاترا کا اہتمام کیا گیا۔ خانہ پور میں پدیاترا کے آغاز کے موقع پر سینکڑوںکی تعداد میں پارٹی کارکنوں نے میناکشی نٹراجن کا استقبال کیا۔ عوام اور پارٹی کارکنوں میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا اور جگہ جگہ پدیاترا کا استقبال ہوا۔ میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ نے خانہ پور میں پدیاترا سے قبل صبح میں نظام آباد ضلع کے آرمور میں متحدہ ضلع کے پارٹی قائدین اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے قائدین کو ہدایت دی کہ وہ فلاحی اسکیمات عوام تک پہنچانے میں اہم رول ادا کریں۔ میناکشی نٹراجن نے فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے علاوہ مجالس مقامی کے انتخابات کے لئے تیار رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات میں ملک میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے آندھرا پردیش میں بنکاچرلا پراجکٹ کے آغاز کے لئے سابق کے سی آر حکومت کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے تلنگانہ کے آبی مفادات سے سمجھوتہ کرتے ہوئے آندھرا پردیش کو پراجکٹس کی تعمیر اور اپنے حق سے زیادہ پانی کے استعمال کی اجازت دی۔ایم ایل سی کویتا کی جانب سے کانگریس پر تنقیدوں کا حوالہ دیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کویتا پہلے یہ طے کریں کہ وہ آخری کس پارٹی میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خود بی آر ایس قائدین کویتا کی قیادت کو تسلیم نہیں کررہے ہیں۔ کویتا پسماندہ طبقات سے جھوٹی ہمدردی کا اظہار کررہی ہیں جبکہ پارٹی کے 10 سالہ اقتدار میں انہیں کبھی بھی پسماندہ طبقات کے تحفظات کا خیال نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ مجالس مقامی کے چناؤ میں پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ میں 15 فیصد عہدے نئے چہروں کو دیئے گئے ہیں جبکہ 85 فیصد عہدے پارٹی کے لئے مستقل طور پر محنت کرنے والے قائدین کو دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے کی منظوری سے پدیاترا کا آغاز کیا گیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کانگریس میں اختلافات کی خبروں کو مسترد کردیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی ایک خاندان کی طرح ہے اور چیف منسٹر ان کے بھائی ہیں، قائدین میں کوئی اختلاف نہیں۔ چیف منسٹر، ڈپٹی چیف منسٹر اور تمام وزراء متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رابطہ کے لئے پدیاترا سے بہتر کوئی راستہ نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سروے کی بنیاد پر مجالس مقامی کے انتخابات میں ٹکٹ دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد ضلع کی ترقی کے لئے حکومت نے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ نظام آباد کے لئے انجینئرنگ کالج کی منظوری دی گئی۔ رکن پارلیمنٹ سریش شیٹکر، رکن کونسل بی وینکٹ، رکن اسمبلی سدرشن ریڈی، صدر نشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان اور دیگر قائدین اجلاس میں شریک تھے.
