ہریش راؤ نے ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی کو مکتوب روانہ کیا

بی آر ایس کے رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ نے ریاستی وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کالیشورم کے موٹرس کھولتے ہوئے ذخیرہ آبوں کو بھرنے کا مطالبہ کیا ۔ ریاست میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں تک بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے ۔ ہریش راؤ نے اپنے مکتوب میں کالیشورم پراجکٹ پیاکج 6 کے پاس موٹرس کو آن کرتے ہوئے پمپنگ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس کے علاوہ سدی پیٹ رورل منڈل رگھواپور گاؤں میں یوریا کیلئے کسانوں کی طویل قطاروں کو دیکھ کر وہاں سے روانہ ہونے والے ہریش راؤ فوری رک گئے اور کسانوں سے بات چیت کی ۔ یوریا کی قلت کو دور نہ کرنے پر زرعی عہدیداروں پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ بہار میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر یوریا کو وہاں روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ کے کسانوں کو پریشان کرنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ سے بی جے پی کے 8 ارکان پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں۔ مگر ان سے تلنگانہ کو کوئی فائدہ نہ پہونچنے کا دعوی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی کابینہ میں تلنگانہ سے دو نمائندے ہونے کے باوجود انہوں نے تلنگانہ میں یوریا کی قلت پر کبھی کوئی آواز نہیں اٹھائی بلکہ کسانوں کی دشواریوں کا صرف تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ ہریش ارؤ نے کہا کہ ریاست میں بارش ہو رہی ہے۔ کاشت کاری کیلئے ماحول پوری طرح سازگار ہے مگر چار دن سے کسانوں کو یوریا کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی اداروں کے انتخابات میں عوام بالخصوص کسان دونوں قومی جماعتوں کو سبق سکھائیں گے.
