شہر اور اضلاع میں وقفہ وقفہ سے بارش، نشیبی علاقوں میں پانی داخل

حیدرآباد اور اضلاع کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ پرانا شہر حیدرآباد کے علاوہ میاں پور، چندانگر، لنگم پلی، گچی باؤلی، مادھا پور، کونڈا پور، رائے درگم ، بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، صنعت نگر، ایس آر نگر، ایرااگڈہ، امیر پیٹ، پنجہ گٹہ، بورابنڈہ، یوسف گوڑہ، ڈنڈی گل، گنڈی مائیسماں، مَلّم پیٹ، بہادر پلی، سورارم، کومپلی، سوچترا، جیڈی میٹلہ،بالانگر، سکندرآباد، ترملگری، الوال، جواہر نگر، بولارم، پیٹنی، پیراڈائز، چِلکل گوڑہ اور ماریڈ پلی سمیت کئی مقامات پر موسلادھار بارش سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے اور کئی مقامات پر ٹریفک جام کی اطلاع ہے۔ شدید بارش کے باعث شہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور ٹریفک میں رکاوٹ کے خدشہ کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔نشیبی علاقوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ جی ایچ ایم سی کی ایمرجنسی ٹیمیں پمپ سیٹس اور مشنری کے ساتھ پانی نکالنے کے کام میں مصروف ہیں۔ کئی مقامات پر ڈرینیج لائنیں ابل پڑی ہیں جس سے سڑکوں پر کیچڑ اور پھسلن پیدا ہوگئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں تک مزید بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ٹریفک پولیس نے بھی اہم چوراہوں پر اضافی ملازمین تعینات کر دیئے ہیں تاکہ ٹریفک جام سے نمٹا جا سکے ۔کئی رہائشی کالونیوں میں بجلی کی سربراہی متاثر ہوئی۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے عملے کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
