بی سی طبقات کو مقامی اداروں میں 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کی تیاریاں

14last_1

مقامی اداروں کے انتخابات میں 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے معاملہ دوبارہ اسمبلی پہونچے گا ۔ اسمبلی میں ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے بی سی طبقات کو تحفظات فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ تعلیم ، ملازمتوں اور مقامی اداروں کے انتخابات میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرتے ہوئے اسمبلی میں منطورہ دو بلز پنچایت راج انتخابات میں ریزرویشن پر موجود حد سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے لایاگیا ۔ آرڈیننس مرکز کے پاس زیر التواء ہے ۔ تاہم مقامی اداروں کے انتخابات کے تعلق سے ہائی کورٹ نے جو ڈیڈ لائن دی تھی وہ قریب آرہی ہے ۔ اس لئے اسمبلی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے اس مسئلہ پر فیصلہ کرنے پر حکومت سنجیدگی سے غور کر رہی ہے ۔ مقامی اداروں کے انتخابات میں بی سی طبقات کیلئے 42 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے والے مرکز کے پاس زیر التواء بل کو ریاستی سطح پر قانونی شکل دینے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اس بل کو قانونی حیثیت دینے کیلئے اسمبلی میں قرارداد پیش کرتے ہوئے مباحث کے بعد منظوری دینے اور قرارداد کی بنیاد پر احکامات جاری کرنے کی تیاریاں کرنے کی بھی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ اسی مسئلہ پر حال ہی میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی ہے ۔ اس معاملے میں کانگریس پارٹی کے تحت پہلے فیصلہ کرنے کیلئے ٹی پی سی سی کی پولیٹیکل آفیسر کمیٹی ( پی اے سی ) کا ایک اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 17 اگست کو کانگریس کی پی اے سی کمیٹی کا گاندھی بھون میں اجلاس منعقد ہونے کا قوی مکان ہے ۔ سرکاری ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ 18 اگست کے بعد اسمبلی کا مانسوسن سیشن منعقد ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ اس سے قبل ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ اس اجلاس میں اسمبلی میں منظور کئے جانے والے بلز اور دیگر امور پر بحث کو منظوری دی جائے گی ۔ بی سی طبقات کیلئے 42 فیصد تحفظات کے ساتھ ساتھ کالیشورم پراجکٹ پر جسٹس پی سی گھوش انکوائری کمیشن نے حال ہی میں اپنی تحقیقاتی رپورٹ حکومت کو پیش کردی ہے ۔ گذشتہ کابینہ اجلاس میں اس کا جائزہ لیتے ہوئے مباحث کیلئے اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس ایک حصہ کے طور پر اسمبلی اور کونسل میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کرنے کی بھی تیاری کی جارہی ہے۔ دوسری طرف اسی اسمبلی اجلاس سے تلنگانہ قانون ساز کونسل کا اجلاس اسمبلی کی قدیم عمارت میں منعقد کرنے کے بھی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ 17 یا 18 اگست کو چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اسمبلیپہونچکر انتظامات کا جائزہ لینے کے بھی امکانات پائے جاتے ہیں۔