مہیش کمار گوڑ نے ’ووٹ چوری‘ کے خلاف پوسٹ کارڈ مہم کا آغاز کیا

16last_2

صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے ’’ووٹ چوری‘‘ کے خلاف گاندھی بھون سے پوسٹ کارڈ مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس موقع پر صدر نشین ریاستی وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی اے آئی سی سی سکریٹری سابق اسمبلی سمپت کمار کانگریس کے قائد محمد مقصود احمد کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ملک میں ووٹ چوری کرتے ہوئے بی جے پی کامیاب ہورہی ہے۔ کانگریس کے قائد راہول گاندھی نے اس کو بے نقاب کردیا ہے۔ بی جے پی اور الیکشن کمیشن ایک دوسرے سے سازباز کرتے ہوئے ملک کے عوام کی رائے کو تبدیل کررہے ہیں۔ کس طرح دھاندلیاں ہوئی ہے۔ دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راہول گاندھی نے حقائق کو منظرعام پر لایا ہے جس کے بعد بی جے پی اور الیکشن کمیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ راہول گاندھی اور کانگریس کے خلاف گمراہ کن مہم چلائی جارہی ہے۔ کانگریس پارٹی نے اپنی اس مہم میں ملک کے عوام کو شامل کرنے کیلئے ایک ویب پورٹل کو دستیاب کرایا ہے جس پر عوام کا زبردست ردعمل حاصل ہورہا ہے۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کے تمام اضلاع ہیڈکوارٹر پر کانگریس پارٹی نے 14 اگست کو احتجاجی دھرنے بھی منظم کئے ہیں جو بھی کامیاب رہے ہیں۔ اس مہم میں شدت پیدا کرنے کیلئے کانگریس پارٹی کی جانب سے پوسٹ کارڈ مہم شروع کی گئی۔ تلنگانہ سے لاکھوں پوسٹ کارڈس سنٹرل الیکشن کمیشن کو روانہ کرتے ہوئے ووٹ چوری کے خلاف دباؤ بنائیں گے۔ صدرنشین ریاستی وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ بی جے پی ووٹ چوری کررہی ہے اور الیکشن کمیشن راست و بالراست بی جے پی کی مدد کررہی ہے۔ مہاراشٹرا میں لوک سبھا انتخابات میں انڈیا اتحاد نے شاندار مظاہرہ کیا مگر اس کے چھ ماہ بعد منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں نتائج پوری طرح تبدیل ہوگئے۔ ووٹ چوری کے بغیر بی جے پی کیلئے یہ ممکن نہیں ہے۔ فہرست رائے دہندگان سے مخالف بی جے پی ووٹوں کو خارج کردیا جارہا ہے۔ ہریانہ کے اسمبلی انتخابات میں بیشتر ٹیلی ویژن چیانلس کے سروے میں کانگریس کو کامیاب بتایا گیا ہے مگر نتائج بی جے پی کے حق میں گئے ہیں جس کے بعد کانگریس نے ووٹ چوری کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور راہول گاندھی نے اس کو ثبوتوں کے ساتھ بے نقاب کردیا۔